چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کا پروگرام کی کامیابی میں بی آئی ایس پی ملازمین کے کردار پر زور

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا بہاولپور میں ادائیگی کیمپ سائٹ کا دورہ ضرورت مند خواتین سے بات چیت ،مسائل سنے

جمعہ 5 اپریل 2024 22:35

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے پروگرام کی کامیابی میں بی آئی ایس پی ملازمین کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔بہاولپور میں مسجد ابراہیم، کنال کالونی زونل آفس ایریگیشن میں بی آئی ایس پی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ملک بھر میں مستحق بہنوں، بیٹیوں اور ماوں کو 471ارب روپے تقسیم کرنے میں بی آئی ایس پی کی کامیابی ان ملازمین کی لگن اور محنت کا نتیجہ ہے۔

شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ملازمین کو ہدایت کی کہ امدادی رقوم انتہائی ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ تقسیم کی جائیں،بالخصوص معصوم خواتین کو ادائیگیوں میں شفافیت کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سروے اور تقسیم کے دوران ضرورت مند خواتین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔مزید برآں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ملازمین سے کہا کہ وہ مستحق خواتین کو رقوم کی شفاف اور موثر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بینک ریٹیلرز سے ڈائیلاگ کریں۔

انہوں نے ملازمین کو غریب خواتین کیساتھ عزت ، احترام اور ہمدردی کی اقدار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ملازمین سے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت عبادت کے مترادف ہے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ضرورت مند خواتین کے حقوق کو پہچانیں اور غریب خاندانوں کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کرتے ہوئے تخفیف غربت کے وسیع تر مقصد میں اپنا حصہ ڈالیں۔

بعد ازاں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے بہاولپور میں ادائیگی کیمپ سائٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے جاری ادائیگی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ضرورت مند خواتین سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور عہدیداروں کو خواتین کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں