روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے پر 15 نانبائی جیل منتقل

حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا ‘ جمشید آفریدی

پیر 29 اپریل 2024 22:01

روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے پر 15 نانبائی جیل منتقل
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) محکمہ خوراک نے کم وزن روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے پر مزید 15 نانبائیوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے حیات آباد کے مختلف مارکیٹوں شمالی مارکیٹ ‘ ترنگزئی مارکیٹ ‘ بنگش مارکیٹ ‘ نواب مارکیٹ ‘ لیبر کالونی اور انڈسٹریل روڈ پر نانبائی کی دکانوں میں نرخوں بارے آگاہی حاصل کی اور ڈیجیٹل سکیل کے ذریعے روٹی کے وزن کو چیک کیا ۔

کم وزن روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 15 نانبائیوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں واضح کمی کی گئی ہے جس کے باوجود روٹی کے وزن میں ہیر پھیر اور کم وزن روٹی کو مہنگے داموں فروخت کرنا ناقابل برداشت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کم وزن روٹی فروخت کرنیوالے نانبائیوں پر جرمانہ عائد کرنے کے بجائے انہیں جیل بھیجا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر پشاور ریاض خان محسود کے احکامات کے بعد پشاور بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے ۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف اوقات کار میں کارروائیاں جاری رکھیں اور گرانفروشی و کم وزن روٹی کی فروخت میں ملوث افراد کیساتھ رعایت نہ کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں