بہاول پور ،17واں چولستان امن میلہ اختتام پذیر

میلے کا افتتاح امن کی شمع جلانے، فضاء میں غباروں اور امن کی فاختا ئیں اڑانے سے کیا گیا

پیر 28 دسمبر 2015 21:30

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 دسمبر۔2015ء) 17واں چولستان امن میلہ اختتام پذیر ۔ ایک روزہ امن میلہ کے دوران ہزاروں افراد نے چولستانی ثقافت کے رنگ دیکھے ،میلے کا افتتاح امن کی شمع جلانے، فضاء میں رنگ برنگے غباروں اور امن کی فاختا ئیں اڑانے سے کیا گیا۔ میلے میں چولستانی دستکاریاں، موسیقی، اونٹوں گھوڑوں اور بکریوں کے رقص، پتلی تماشہ ، بند ر اور سانپ تماشہ ، جھومر ، چولستانی کھانے ، کھسے اور لباس خاص طور چنری اور زیورات شامل تھے۔

اس کے علاوہ مختلف محکموں پولیس، لائیوسٹاک، ریسکیو 1122 ، بہاولپورویسٹ مینیجمنٹ کمپنی اور صحت کے سٹالز بھی سجائے گئے۔ چولستان پویلین بھی خوب توجہ کا مرکز رہا 17ویں چولستان کا اہتمام معروف سماجی تنظیم چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان نے امن میرا حق مہم کے سلسلے میں سٹیزن فرسٹ پروگرام کے تحت قائد اعظم میڈیکل کالج کے اشتراک سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکڑ فاروق احمد خان نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ میلے ہماری صدیوں پرانی روایات کا حصہ ہیں۔میلوں میں مل جل کر بیٹھنے سے امن کو فروغ ملتاہے۔آج کا امن میلہ ان مفاد پرست لوگوں کے منہ پر تماچہ ہے جو ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں آج یہاں ملک بھر سے مسلمان ، مسیحی اور ہندو بہن بھائی امن کی خاطر جمع ہیں ۔

امن دشمنوں کو معلوم ہوجانا چاہئے کہ پاکستانی قوم کل بھی امن پسند تھی اور آج بھی امن کی بھرپور خواہش رکھتی ہے پاکستان بلخصوص پنجاب صوفیاء کی دھرتی ہے جنکی تعلیمات پر عمل کرکے امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے آج کا امن میلہ ہم سب کو مل جل کر امن کی خاطر جدوجہد کرنے کا سبق دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کا 17 واں امن میلہ ان شہدا کے نام کرتاہو ں جنھوں نے دہشت گردی کے جنگ میں اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا۔

پاک فوج اور پولیس کے افسران اور نوجوانوں کے علاوہ شہریوں نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ہم شہداء غازیوں اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ امن میلہ اورامن واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے صبیحہ نذیر ،ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی،پرنسل قائداعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا،معروف صنعت کار ڈاکٹر طارق رانااور پروگرام ڈائریکٹر سی ڈی سی رضیہ ملک نے کہاکہ دہشت گردی پوری دنیا کے لئے مسئلہ بنی ہوئی ہے لیکن پاکستان سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہوا ہے اور کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں زیادہ جانی ومالی نقصان اٹھایاہے،اس امن میلہ کا انعقاد وقت کا تقاضہ ہے ۔

جس کے ذریعے ہم دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ تما م تر قربانیوں اور مشکلات کے باوجود پاکستان کے عوام نے امن کی اہمیت کونہیں بھلایا اور امن کے فروغ کے لئے ہر طرح کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی امن کے قیام میں بھی اپنا بھرپور کردارادا کرتارہے گا لیکن عالمی برادری کو بھی اپنے زیر اثر ممالک کوپاکستان کی سا لمیت اور بقاء کے احترام کا سبق دینا ہوگا۔

پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور پروفیسر ہارون خورشید پاشا، ایم این اے صبیحہ نذیر، فوزیہ ایوب قریشی ایم پی اے، رضیہ ملک، معروف صنعت کار ڈاکٹر محمد طارق رانا، اے سی سٹی راؤ تسلیم اختر اور دیگر مہمانوں نے سٹالوں کا معائنہ کیا امن میلے سے قبل مشعل بردار امن ریلی بھی نکالی گئی ، پولیس بینڈ نے سلامی پیش کی۔اس موقع پر اچھی کارکردگی دکھانے پر محکمہ پولیس کے سٹال کو پہلا،ریسکو1122کے اسٹال کو دوسرا اور محکمہ صحت کے سٹال کو تیسرا انعام دیا گیا

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں