بہاول پور ،محرم میں عزاداروں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا صفائی پلان جاری

جمعرات 29 ستمبر 2016 20:04

بہاول پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) محرم الحرام میں عزاداروں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا صفائی پلان جاری کر دیا گیاہے۔کمپنی ترجمان کے مطابق محرم الحرام میں شہر کی 25 سے زائد امام بارگاہوں، مجالس کی جگہوں اور جلوسوں کے ملحقہ راستوں کی صفائی ستھرائی کا پلان جاری کر دیا گیا ہے ۔

اس صفائی پلان کے مطابق محرم الحرام میں یکم محرم تا یوم عاشور تک روزانہ کی بنیاد پر تمام امام بارگاہوں،مجالس اور جلوسوں کے ملحقہ روٹس کی مکمل صفائی کی جائے گی جس کے لیے بی ڈبلیو ایم سی کا سینیٹری سٹاف دو شفٹوں میں کام کرے گا۔علاوہ ازیں تمام متعلقہ جگہوں کی دھلائی کی جائے گی اور چونا ڈالا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ محرم الحرام میں صفائی آپریشن کے دوران جلوسوں کی گزرگاہوں پر موجود کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور عمارتی ملبہ جات کو صاف کرنے کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی ترجمان نے مزید بتایا کہ صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منیجر آپریشن محمد امتیاز اللہ کی سربراہی میں سپیشل مانیٹرنگ ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جویوم عاشور تک شہر کی تمام امام بارگاہوں،مجالس کی جگہوں اور جلوس کے راستوں کا دورہ کرے گی اور صفائی کے بہترین انتظامات کویقینی بنائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ محرم الحرام میں بی ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن1139 بھی مکمل طور پر فعال رہے گی اورصفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں