وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس

جمعرات 14 مارچ 2024 17:23

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس
بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس چئیرمین خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی عامر عنایت خان شہانی کے زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ممبر خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی احمد نواز خان نوانی بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے نگہبان رمضان پیکیج،ستھرا پنجاب پروگرام،ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جاری آپریشن،پلانٹیشن،ہیلتھ سروسز،پیچ ورک،میونسپل سروسز،سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور وال چاکنگ کے خاتمہ کے حوالہ سے کمیٹی کو مفصل بریف کیا۔

اس موقع پر چئیرمین کمیٹی عامر عنایت خان شہانی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کی چاروں تحصیلوں اور بالخصوص بھکر شہر کی خوبصورتی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دئے گئے تمام انڈیکٹرز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جایا گا اس ضمن میں کمیٹی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

چئیرمین خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی عامر عنایت خان شہانی نے سی او ایم سی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کیلئے بحالی کیلئے سولر لائٹس کو ترجیح دی جائے اس ضمن میں سی او ایم سی جلد ازجلد حتمی پلان تشکیل دے کر رپورٹ پیش کریں۔

اس موقع پر ممبر خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی احمد نواز خان نوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ضلع کے عوام کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام تر اقدامات کی کڑی مانیٹرنگ کی جائیگی شہریوں کو صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کیلئے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ پلانٹیشن کے مقررہ اہداف پورے کرے اور شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ بازاروں میں خریداری کیلئے آئے ہوئے بورھے بچے اور خواتین کشادہ ماحول میں باآسانی خریداری کرسکیں۔

اجلاس میں چئیرمین خصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی عامر عنایت خان شہانی نے ڈی ایف او کو ہدایات جاری کی ہیں کہ جھنگ روڈ،خانسر روڈ،دریاخان روڈ،دلیوالا روڈ اور کلورکوٹ روڈ پر خصوصی طور پر شجرکاری کی جائے۔انہوں نے ایم سی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہرمیں کھلے مین ہولز کیلئے کور فریم لگانے کا میکنزیم تیا ر کیا جائے اور اس امر کا خیال رکھا جائے کہ مین ہولز کے فریم میں لوہے کا استعمال نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایک دو روز میں حکومت پنجاب کی ایک خصوصی سروے ٹیم میونسپل سروسز اور اکیوپمنٹس کی جانکاری کیلئے آرہی ہے جس سے میونسپل سروسز میں خاطر خواہ بہتری کے مواقع پیدا ہونگے ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امید ہیں کہ شہریوں کی فلاح و بہبود کے خصوصی طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اسموقع پر خصوصی اقدامات کمیٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کو بطور خاص ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ رمضان المبارک میں روزہ افطار کی اشیاء سموسہ،پکوڑا،جلیبی اور دود ھ دہی کی کوالٹی کو خاص طور پر چیک کیا جائے اور ناقص کوالٹی پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیاجائے علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس کی آئندہ تنصیب سکولوں،بی ایچ یو،آر ایچ سی یا سرکاری عمارات پر کی جائے تاکہ بجلی کی ہمہ وقت دستیابی کیساتھ ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال مستقل بنیادوں پر جاری رہے۔

چئیرمین اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی عامر عنایت خان شہانی اور ممبر اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی احمد نواز خان نوانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شہر میں ڈمپنگ پوائنٹس ہرگز نہ بنائے جائیں بہل چونگی،جنوبی پھاٹک،گڈولہ روڈ قبرستان اور پل شیخ راؤ پر ڈپمنگ پوائنٹس کا فی الفور خاتمہ کرکے شہریوں کو عمدہ اور صاف ستھرے ماحول کی دستیابی یقینی بنائی جائے علاوہ ازیں شہروں کی سطح پر ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھا جائے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائیگی۔

اسموقع پرخصوصی اقدامات مانیٹرنگ کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ضلع کی بہتری کیلئے دئے گئے تمام انڈیکٹرز پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی جانب سے عملدرآمد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اظہار اطمینان کیا گیا ۔۔\378

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں