شرپسندوں کی سہولت کاری میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ

پولیس نے 9 مئی کے تشدد احتجاج میں توڑ پھوڑ اورجلاو گھیراو میں ملوث ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کرلیے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 4 جون 2023 12:29

شرپسندوں کی سہولت کاری میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ
بونیر (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 03 جون 2023ء) شرپسندوں کی سہولت کاری میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ پولیس نے 9 مئی کے تشدد احتجاج میں توڑ پھوڑ اورجلاو گھیراو میں ملوث ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کرلیے۔ ضلع بونیر میں پی ٹی آئی کے 3 صوبائی رہنماؤں کو پناہ دینے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تحریک انصاف بونیر کے رہنما بختیارعلی اور ہشتم خان کے خلاف تھانا گاگرہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ دفعہ 212 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماؤں مینا خان افریدی اورسابق ایم این اے کرک شاہد خٹک کو اپنے ریسٹ ہاوس مانجار باجکٹہ بونیر میں پناہ دی تھی، پی ٹی آئی کے دونوں رپوش رہنماوں کو ریسٹ ہاوس سے گزشتہ دن پشاور پولیس ٹیم نے گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نو مئی کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث مجرم رئیس احمد کا اعترافی بیان سامنے آ گیا ہے، جس میں اس نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق جناح ہاؤس لاہور پر حملہ آور نوجوان شر پسند کے ہوش رُبا انکشافات سامنے آئے ہیں، سوات کے رئیس احمد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا تھا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق توڑ پھوڑ اور شر انگیزی میں شامل ایک اور مجرم رئیس احمد قانون کی تحویل میں پہنچ گیا ہے، شر پسند رئیس احمد کا تعلق سوات، ضلع شانگلہ سے ہے۔

رئیس احمد نے انکشاف کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے بنائے گئے منصوبوں کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا تھا۔ اپنے اعترافی بیان میں شر پسند رئیس احمد نے بتایا کہ ’’میں 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد زمان پارک میں پی ٹی آئی کے بنائے گئے منصوبوں کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا۔

‘‘ رئیس احمد نے مزید بتایا ’’جناح ہاؤس پر ہم نے توڑ پھوڑ کی اور گملے توڑے اور پی ٹی آئی ورکرز کے ساتھ مل کر ہم نے آگ لگائی۔‘‘ رئیس احمد کا مؤقف تھا کہ ’’یہ سارا کچھ کیسے ہوا ہے، کیوں ہوا ہے، اس کے پیچھے پچھلے ایک سال سے عمران خان کی فوج کے خلاف مسلسل تقریریں سن سن کے میرے ذہن میں فوج کے خلاف ذہن سازی شروع ہو گئی اور اسی وجہ سے میں نے یہ کام کیا ہے۔

بونیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں