چکوال ۔محرم میں سکیورٹی کو ایس او پیز کے مطابق فول پروف بنایا جائے،ڈی سی چکوال

جمعرات 22 اگست 2019 21:04

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی اور ڈی پی او عادل میمن نے بتایاکہ محرم کے مقدس ایا م میں سکیورٹی کو ایس او پیز کے مطابق فول پروف بنایا جائے اورضابطہ اخلاق کے تحت لائوڈ سپیکر کے استعمال اور نفرت آمیز وال چاکنگ وپمفلٹ جلوس کے ٹائم اور روٹس کے اوقاتِ کار کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

وہ عاشورہ محرم کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں ڈی پی او چکوال عادل میمن سمیت ضلع بھر کے تمام سرکاری اداروں کے سربراہان اور خفیہ ایجنسیز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔جبکہ اے ڈی سی جی خالد جاوید گورایہ، اے ڈی سی جی ریونیو اکرام ملک،ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے کہا کہ میونسپل کمیٹی مجالس کے روٹس کی صفائی ستھرائی،پیچ ورک کے کام کو جلداز جلد مکمل کرے محکمہ سول ڈیفنس،سپیشل برانچ مجالس کے روٹس پر واک تھرو گیٹ ، میٹل ڈیٹکٹراور سی سی وی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ دیگر انتظامات کریں۔

انہوں نے اے سیز صاحبان کوہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میںروٹس کا معائنہ کریں اور ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ منظور شدہ روٹس کے مطابق ہی جلوس نکلیں گے اور کوئی نئی روایت قائم نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے محکمہ واپڈا اور پی ٹی سی ایل کو جلوس کے راستوں سے تاریں ہٹانے اور محکمہ صحت کے ساتھ ریسکیو1122طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کیں۔

مرکزی کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر آفس چکوال میں قائم جائے گا جہاں پر 24گھنٹے متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے انہوں نے تمام محکموں کو کل تک کنٹجنسی پلان اورڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوان فول پروف سکیورٹی کے لئے ایس او پی کے مطابق انتظامات کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا ۔

انہوں نے عوام اور اداروں کے سربراہان سے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اپنے اردگرد کے ما حول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ افراد کے حوالے سے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں ۔ڈی پی او چکوال عادل میمن نے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام سرکل افسران اور ایس ایچ او صاحبان کو اپنے اپنے علاقوں میں مجالس عزا اور کیٹگری وائز جلوسوں کو اپنے منزل پر پہنچانے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے ہونگے۔

جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں ،بازاروں اور پبلک مقامات کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔اور ضلع چکوال کی تمام امن کمیٹیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وال چاکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسی کو موٹرسائیکلوں پر غیر قانونی نمبرپلیٹ لگانے کی اجازت نہیں ہے۔ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع چکوال میں عاشورہ محرم کے موقع پر تمام ماتمی جلوسوں اور امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس عزا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی۔

اور امام بارگاہوں کے باہر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائینگے،اور مختلف علاقوں کو خاردار تاریں لگا کر سیل کر دیا جائیگا، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی ہدایت کی کہ جلوس روٹ پر لگائی جانے والی مشروبات کی سبیلیں اور نیاز کی استعمال سے قبل سخت چیکنگ کی جائیگی۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں