گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

منگل 15 اکتوبر 2019 13:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) حکومت پنجاب نے محکمہ زراعت کو گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران و اہلکاران کاشتکاروںکو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر نے کی ترغیب دیں تاکہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے کہا کہ وطن عزیز کی روز افزوں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر غذائی پیدوار میں خاطر خواہ اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی غذائی ضروریات میں خود کفیل ہو سکیں اور اضافی گندم برآمد کر کے ملک کو قیمتی زر مبادلہ کمانے کے قابل بھی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت کو تمام وسائل فراہم کر رہی ہے لہٰذا وہ بھی کاشتکاروں کو تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنارہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی غرض سے گائوں اور تحصیل مراکز کی سطح پر فارمرز ڈیز کا بھی انعقاد کیا جارہاہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر کسی جگہ پر مطلوبہ کھادوں کی دستیابی میںکمی کی کوئی شکائت ہو تو فوری طور پر متعلقہ ضلع کے ڈی او زراعت اور ڈی سی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔دریں اثناء محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے مشوروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان کو غذائی خود کفالت سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں