زرعی ماہرین کی کم پانی والے علاقوں میں کاشتکاروں کو باجرے کی کاشت رواں ہفتہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 17 مئی 2022 13:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کم پانی والے علاقوں میں کاشتکاروں کو باجرے کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار ماہرین زراعت کی سفارشات کے مطابق بروقت باجرے کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ موسم گرما میں جانوروں و پرندوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے بتایاکہ باجرہ موسم گرما کا ایک اہم چارہ ہے جو پانی کی کمی کو بہتر طور پر برداشت کر لیتاہے اور اس کی فصل کیڑے مکوڑوں کے حملے سے بھی محفوظ رہتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ باجرے کی فصل ہلکی میرا زمین میں کاشت کی جا سکتی ہے تاہم کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ زمین میں 2سے 3مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے کے بعد سہاگہ چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کر لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ باجرے کی فصل کو عا م طور پر چھٹے کے ذریعے کاشت کیا جا تا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ نہری علاقوں میں 6کلوگرام فی ایکڑ اور بارانی علاقوں میں 4سے 5کلوگرام فی ایکڑ بیج ڈال کر بہترین فصل حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر باجرے کی اگیتی فصل میں رواں ملاکر کاشت کی جا ئے تو چارے کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اس کی غذائیت کو بھی بہترین بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں