محکمہ زراعت کی حاملہ بکریوں کوریوڑ سے الگ کرکے کرم کش ادویات کی فراہمی کی ہدایت

جمعہ 29 مارچ 2024 12:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) محکمہ زراعت نے لائیو سٹاک فارمرزو مویشی پال حضرات کو حاملہ بکریوں کو آخری ماہ ریوڑ سے الگ کرکے زود ہضم خوراک اور کرم کش ادویات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیر ی ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ بکری پال حضرات کو چاہیے کہ وہ محکمہ کے ماہرین کی مشاورت سے اعلیٰ پیداواری اوصا ف کی حامل علاقائی نسل کی بکریاں پالنے کو ترجیح دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کی پیدائش کی صلاحیت کی حامل یہ بکریاں اپنی نسل میں بھر پور اضافہ کا باعث بنتے ہوئے دودھ و گوشت کی پیداوار کو بڑھانے میں بھی معاون ہو سکیں۔

انہوں نے کہاکہ احتیاطی، حفاظتی و پیشگی تدارکی اقدامات کے تحت بکریوں کے باڑے میں خوردنی نمک کے ڈھیلے ضرور کھرلیوں میں رکھے جائیں تاکہ بکریاں موسمی و متعدی امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بکری پال حضرات بکریوں کو کرم کش ادویات پلانے میں بھی کسی غفلت یا تساہل سے کام نہ لیں کیونکہ موسمی امراض بکریوں کےلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں قائم لائیو سٹاک ہسپتالوں، ویٹرنر ی ڈسپنسریوں اور دیگر لائیو سٹاک مراکز پر بھیڑوں، بکروں اور مویشیوں کو مختلف متعدی و موسمی امراض سے بچانے کےلئے حفاظتی ٹیکے وافر مقدار میں دستیاب ہیں لہٰذا جانوروں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوانے کا عمل بھی یقینی بنایاجائے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں