کاشتکاروں کو بعد ازبرداشت نقصانات کو کم کرنے کیلئے معیاری پلاسٹک کریٹس استعمال کرنے کا مشورہ

پیر 13 مئی 2024 13:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) کاشتکاروں کو بعد ازبرداشت نقصانات کو کم، مارکیٹ ویلیو کے مطابق بہتر نرخوں کی وصولی اور شہریوں کو صاف ستھری سبزیوں کی فراہمی کیلئے معیاری پلاسٹک کریٹس استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ سبزیوں کو زیادہ دیر تک تازہ و محفوظ رکھتے ہوئے پیداواری نقصان کو کم سے کم کرنے میں مدد مل سکے۔

محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرڈاکٹر خالد اقبال نے بتایاکہ ٹماٹر، مرچ اور دیگر سبزیوں کی پیداوار کی چنائی بھرپور انداز سے جاری ہے اور کاشتکار فصل کی برداشت کیلئے بھرپور انداز میں محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیکنگ کا بنیادی مقصد پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کی موزوں طریقہ سے ترسیل و تقسیم ہے تا کہ یہ صحیح حالت میں صارف تک پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ناقص پیکنگ کی وجہ سے ہونیوالے نقصانات میں بڑا حصہ غیر تسلی بخش کریٹوں و ڈبوں کی تیاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی پیداوار میں اضافے کا فائدہ اسی صورت میں اٹھایا جا سکتا ہے جب پیکنگ موزوں ہو۔ انہوں نے کہاکہ پھل اور سبزیاں حیاتیاتی اعتبار سے جاندار اور زندہ ہوتی اور ہر زندہ شے کی طرح سانس لیتی ہیں اور اس عمل کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ، پانی اور حرارت کا اخراج ہوتا ہے اور یہ زندگی کا دور ان کے استعمال ہونے تک قائم رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیکنگ کا عمل اس دور زندگی کو محفوط بناتا ہے اور دوران نقل و حرکت نقصان پہنچنے کے امکان کو کم سے کم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیکنگ اس قسم کی کی جائے کہ پھل کو بآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پیکنگ ڈیزائن میٹریل کا انحصار سبزی کے وزن اور سفر پر بھی منحصر ہوتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں