فیصل آباد،باغبانوں کو ترشاوہ باغات کی موسم گرما میں خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت

پیر 13 مئی 2024 13:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین ترشاوہ اثمارنے باغبانوں کو اہم برآمدی پھل ہونے کے باعث کینو اور دیگر ترشاوہ باغات کی موسم گرما میں خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ترشاوہ پھل رقبے اور پیداوار کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہیں اور ملک بھر میں ترشاوہ پھلوں میں کینو کاحصہ 79فیصد سے بھی زائد ہو گیا ہے اس لئے ان کو پیداوار اور برداشت کے مرحلہ تک کامیابی سے لے جانا اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ ترشاوہ پھلوں میں کینو انتہائی اہمیت کاحامل ہے مگر دوسرے ترشاوہ پھلوں کی اقسام و اہمیت کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ انہو ں نے بتایاکہ موسم گرما میں درجہ حرارت بڑھ جانے کے باعث احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے سے پھل کیرے کاشکار ہو کرمجموعی پیداوار میں کمی کا سبب بن سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کے لئے مثالی درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے تاہم 40ڈگری سینٹی گریڈ سے اضافی درجہ حرارت کے دوران پودوں اور زمین سے نمی کا اخراج زیادہ ہونے کے باعث پتے اپنا پھیلاؤ برقرارنہیں رکھ سکتے اور پیلاہٹ کاشکار ہو جاتے ہیں اس طرح ان میں نشاستہ یعنی خوراک بنانے کا عمل بذریعہ ضیائی تالیف ٹھیک نہیں رہتالہٰذانشو ونما کے مرحلہ سے گزرتے ہوئے پھل کاسائز کم رہ جاتاہے جس سے مقدار جوش میں بھی کمی ہوتی ہے اور آنکھوں کے خشک ہونے کا احتمال بڑھ جاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ باغبان ماہرین زراعت کی ہدایات کے مطابق موسم گرما میں ترشاوہ پھلوں کے باغات کی دیکھ بھال یقینی بنائیں تاکہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے بہتر پیداوار سمیت اچھی خاصیت کا پھل حاصل کیاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں