شب برات کے موقع پر عبادت گاہوں اور دیگر تقریبات کے دورا ن خصوصی سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں،آر پی او فیصل آباد

جمعرات 18 اپریل 2019 19:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) شب برات کے موقع پر عبادت گاہوں اور دیگر تقریبات کے دورا ن خصوصی سیکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر نے سی پی او فیصل آباد، ڈی پی اوزجھنگ ، ٹوبہ اور چنیوٹ کوشب برات کے موقع پر فول پروف سکیورٹی ہدایات کی ہیں۔

شب برات کے موقع پر مساجد ،مدارس اور مختلف مذہبی مقامات پر خصوصی عبادات کے پروگرام منعقد ہوتے ہیں جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔مشہور علما ء کرام اور مذہبی شخصیات شب برات کے حوالہ سے خصوصی خطاب کرتے ہیں۔موجودہ ملکی صورت حال اور دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں تمام مساجد ،مدارس ،عبادت گاہوں اور دیگر مشہور مذہبی مقامات پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام ضلعی سربراہان پولیس فیصل آباد ریجن اپنے اپنے متعلقہ ضلع کیلئے سکیورٹی کا جامع پلان مرتب کریں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں مساجد اور مدارس کے منتظمین کو اعتماد میں لیکر انکی معاونت ومشاورت سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیں۔جہاں ضروری ہو CCTV کیمروں کی تنصیب کی جائے۔چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹر استعمال کیئے جائیں۔مشکوک و شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ڈیوٹی روانگی سے قبل پولیس افسران و اہلکاران کو بریف کیا جائے۔انہیں الرٹ رکھنے کیلئے حلقہ افسران وقتا فوقتا انہیں چیک کریں۔

کسی بھی ایمر جنسی سے نمٹنے کیلئے کیو آر ایف اور ریزرو پولیس کو سٹینڈ بائی رکھا جائے۔ آر پی او فیصل آبا د نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شب برات کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرنے والوں کے خلاف بمطابق قانون سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور آتش بازی کا سامان بنانے اور فروخت کرنے والوں کے کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں