حکومت پنجاب کے رمضان پیکج پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ، صوبائی وزراء

منگل 21 مئی 2019 22:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق عوام کو خاطر خواہ معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب کے رمضان پیکج پر کماحقہ عملدرآمد کرایا جارہا ہے جسکی بدولت عام آدمی کو آٹا‘ چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ سستے داموں حاصل ہو رہی ہیں۔یہ بات صوبائی وزراء برائے سوشل ویلفیئر ‘ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد اجمل چیمہ اور حافظ ممتاز احمد نے مشترکہ طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں رمضان بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

ٹکٹ ہولڈر پاکستان تحریک انصاف سعد الله بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خان نیازی‘اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)شمائلہ منظوراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء کلیم شہید پارک نڑوالا روڑ‘مین سمندری روڑ سمن آباد اور دیگر علاقوں کے رمضان بازاروں میں گئے اور مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے پھلوں،سبزیوں اور کریانہ کی اشیاء کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کاجائزہ لیا۔

وہ حکومت پنجاب کی طرف سے سبسڈی کے تحت فروخت کئے جانے والے سستے آٹے اور سستی چینی کے کائونٹرز پر بھی گئے اور فروخت کے عمل کا معائنہ کیا۔انہوں نے چینی کے پیکٹ اور آٹے کے تھیلے کا وزن بھی چیک کیا اور ہدایت کی کہ سبسڈی پر سستے داموں فروخت کی جانے والی اشیاء کے ریکارڈ کو منظم اور فروخت کے تمام عمل کو شفاف رکھا جائے۔انہوں نے دالوں،مصالحہ جات،گوشت اور پولٹری کے سٹالز بھی چیک کئے اور خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے رمضان بازاروں کی افادیت کے بارے میں دریافت کیا اورخریداروں کے رش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں جو کہ رمضان بازاروں کی کامیابی کا مظہر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے رمضان پیکج پر عملدرآمد کرکے اس کے ثمرات عام صارفین تک پہنچائے جارہے ہیں اور تمام تر حکومتی وانتظامی مشینری رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ میں مصروف ہے تاکہ ان کے انعقاد کے حقیقی مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔انہوں نے رمضان بازاروں کے انتظامات پر اپنے اطمینان کااظہارکیا اور کہا کہ بہترین انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) نے صوبائی وزراء کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر کی ہدایات پر ضلع بھر کے سستے رمضان بازاروں میں پھلوں،سبزیوں،دالوں اور کچن کی دیگر اشیاء کی سپلائی کے لئے جامع میکنیزم پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ عام مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی گرانفروشی کو روکنے کے لئے ضلع میں58پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں