ضلع فیصل آباد میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ناجائز منافع خوری پر 9 ہزار 49 گرانفروشوں کو 1کروڑ 43 لاکھ 29ہزار روپے کے جرمانے

پیر 22 جولائی 2019 19:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) : وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی اشیائے ضروریہ کے ناجائز منافع خوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے رواں سال میں اب تک 9 ہزار 49 گرانفروشوں کو ایک کروڑ 43 لاکھ 29 ہزار 2 سو روپے کے جرمانے کئے ہیں جن میں ماہ صیام کے دوران کئے گئے 50 لاکھ روپے کے جرمانے بھی شامل ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع فیصل آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کے لئے 56 سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں جو مختلف مارکیٹوں میں اچانک چھاپے مار کر پھلوں ‘ سبزیوں ‘ گوشت اور پولٹری سمیت دیگر اشیائے خوردنی کے نرخوں کی جانچ پڑتال کرکے من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں تاکہ بے جا اور بلاجواز گرانی کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جا سکے ۔

(جاری ہے)

ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے یکم جنوری سے اب تک مختلف مارکیٹوں میں پندرہ ہزار 866 دکانوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کیا اور سنگین خلاف ورزیوں کی پاداش میں 183 گرانفروشوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرائے ۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار ناجائز منافع خوری سے گریز کریں بصورت دیگر وہ قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے ۔ اس ضمن میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گرانفروشوں کے خلاف شکایات ضلعی کنٹرول روم کے فون نمبر 041-9201491-92 پر درج کرائیں ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں