ڈپٹی کمشنر سمیت ضلعی انتظامی افسران کی تابڑ توڑ کاروائیاں، جگہ جگہ چیکنگ کا سلسلہ جاری

منگل 21 ستمبر 2021 19:58

فیصل آباد۔21ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) :نئے ڈپٹی کمشنرفیصل آباد سمیت ضلعی انتظامی افسران کی تابڑ توڑ کاروائیاں اور جگہ جگہ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کوڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے صبح سویرے جھنگ روڈ کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کو چیک کیا۔انہوں نے مین روڈ سمیت مختلف محلوں کی سٹرکوں پرصفائی آپریشن پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول، سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان اور کمپنی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے ویسٹ ورکرز کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صفائی آپریشن پر تیزرفتار عملدرآمد  کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کوڑا کرکٹ کو مناسب اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے اور ویسٹ ورکرز کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دریں اثنااسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول نے چک 8 ج ب کے بنیادی مرکز صحت کا دورہ کیا اور انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔انہوں نے سٹیٹک ٹیم کی موجودگی اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے موقع پر والدین کے ہمراہ آئے ہوئے بچوں کو قطرے بھی پلائے جبکہ بچوں کی انگلیوں پر نشانات بھی چیک کئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے فرائض ذمہ داری سے انجام دیئے جائیں۔اس موقع پریوسی ایم او نے مہم پر عملدرآمد اور ٹیموں کی موجودگی ومانیٹرنگ سے آگاہ کیا۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول ڈجکوٹ اڈاسمندری روڈ پر گیس ریفلنگ دکان میں آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے جبکہ سول ڈیفنس کی ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ آگ گیس لیکیج کے باعث لگی نیز دکان میں غیر قانونی طریقے سے ریفلنگ کی جارہی تھی لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیاجبکہ دکان میں فائر سیفٹی آلات بھی موجود نہ تھے جس پر دکان مالک رانا مبشر کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کرادیا گیا۔مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف نے کینال روڈ چک203 اور 204 میں تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے روڈکو تجاوزات سے پاک کرادیا۔

کامیاب آپریشن کے بعدروڈ پرٹریفک بلاتعطل رواں دواں ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے پولیس فورس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سٹاف کے ہمراہ آپریشن کی نگرانی کی۔انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ کسی کو تجاوزات قائم نہیں کرنے دیں گے۔اسی طرح ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے منگل کے روز اشیائے ضروریہ کی اوورچارجنگ اور نرخنامے آویزاں نہ کرنے کی پاداش میں 67 منافع خوروں کو 81 ہزار روپے جرمانہ کیا۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں 896 انسپکشنز کیں اور پھل وسبزیاں،دالیں،چکن اور کریانہ کی دیگر اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے پر ایکشن لیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تاکید کی کہ مارکیٹوں وبازاروں میں پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔منگل کوضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر شاپنگ مالز وپلازوں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز کومزید47ہزار روپے جرمانہ کیاجبکہ گزشتہ 188روزمیں 66لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ کیا جاچکا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں