گلگت میں کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا

جمعہ 12 جنوری 2018 19:53

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء)گلگت میں اپنی نوعیت کا پہلا کینسر ہسپتال’’گلگت انسٹیٹوٹ آف نیوکلیئرمیڈیسن،انکالوجی اینڈ ریڈیوتھرپی‘‘کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اس سلسلے میں ایک اہم تقریب گلگت مناور میں منعقد ہوئی جہاں پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ممبر و ماہرین،وزیر اعلیٰ،فورس کمانڈر،چیف سکریٹری گلگت بلتستان اور مختف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔

اس منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تعاون سے بننے والا اس ہسپتال پر کل لاگت 2343 ملین روپے آئے گی اور تین سال کی مدت میں مکمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں2012 کے ایک سروے کے مطابق کینسر کے مریضوں کی کل تعداد ایک کروڈ اکتالیس لاکھ تھی جبکہ اس وقت پاکستان میں ایک لاکھ پچاس ہزارہے اور 2017 میں گلگت بلتستان میں کینسر کے مریضوں کی کل تعداد 1538 تھی ۔

(جاری ہے)

57 فیصد کینسر کے مریض ترقی پذیر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں،پاکستان میں سب سے زیادہ کینسر کے مریض منہ اور ہونٹ کے کینسر میں مبتلا ہیں،اس کے بعد چھاتی کے کینسر کے مریضوں کا نمبر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کینسر ایک قابل علاج مرض ہے اس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر نہایت ضروری ہیں۔ اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ممبر ضیاالدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ PAEC نے ملکی ترقی کے سفر میں اہم کردار ادا کر دیا ہے، اس وقت پاکستان میں PAEC کے اٹھارہ کینسر کے ہسپتال کام کر رہے ہیں اور ڈھائی ہزار سے زائد ڈاکٹر و ماہرین خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور جلد ہی مزید ہسپتال اس نیٹ ورک میں شامل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اس کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی کوششوں اور تعاون سے ہم اس اہم منصوبے پر کام شروع کرنے میں کامیاب ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن جو کہ اس تقریب کے مہمان خصوصی بھی تھے نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں گلگت بلتستان کے عوام کی طرف سے PEAC کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی بدولت گلگت بلتستان جیسے پسماندہ علاقے میں ایک بڑے اور اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا جس کی تکمیل پر گلگت بلتستان میں کینسر کے مریضوں کو بروقت اور سستا علاج و معالجہ میسر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن پر ہم سب کو فخر ہے جس کی بدولت ہمارے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہو چکا ہے اور دفاع کے علاوہ تونائی اور صحت کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں