حکمران مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بجائے انتقامی کارروائیوں پر زور دے رہے ہیں‘وجاہت حسین

وجاہت حسین اور موسی الٰہی کی گجرات سیشن کورٹ میں پیشی، 12 اپریل تک ضمانت منظور ،کیس کی سماعت ملتوی

پیر 27 مارچ 2023 20:45

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2023ء) سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین اور ان کے صاحبزادے چودھری موسی الٰہی گجرات سیشن کورٹ میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد یونس لاڑ نے کیس کی سماعت کی اور چودھری وجاہت حسین کے وکلاء کے دلائل کے بعد 12 اپریل تک ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ معزز ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پر تفتیشی افسر نے چودھری وجاہت حسین اور چودھری موسی الٰہی کو عدالت میں ہی شامل تفتیش کر دیا۔

بعد ازاں چودھری وجاہت حسین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بجائے انتقامی کارروائیوں پر زور دے رہے ہیں، ہمیں عدالتوں مکمل اعتماد ہے، اللہ کے بعد ہمیشہ عدالتوں نے انصاف دیا ہے، رات کے اندھیرے میں ہمارے گھروں میں چھاپے مار کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری موسی الٰہی نے کہا کہ ہمارے ساتھیوں کو کس قانون کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے، سیاسی حریفوں کی انتقامی کارروائیوں کا پہلے بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انشاء اللہ آئندہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکروں کو بلا وجہ تنگ کیا جا رہا ہے ہم اپنے ورکروں کی ناجائز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قبل ازیں گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھی چودھری وجاہت حسین کی ضمانت کنفرم ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں