ہری پور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ’’پھلکاری‘‘ کے فروغ کیلئے پراجیکٹ کا آغاز

بدھ 1 مارچ 2017 21:16

ہری پور۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ’’پھلکاری‘‘ کے ہنر کی ترویج کیلئے منعقدہ تقریب میں ضلعی حکومت، بزنس کمیونٹی اور ڈویلپمنٹ سیکٹر آرگنائزیشنز اور ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد الیاس نے کہا کہ پراجیکٹ کا آغاز ہم سب کیلئے باعث فخر ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ ہمارے ضلع کی ہنر مند خواتین اور ان کے خاندانوں کی معاشی ترقی اور پھلکاری جیسے ہنر کی ترویج میں معاون ثابت ہو گا جس سے ضلع میں پائیدار معاشی ترقی ممکن ہو سکے گی۔

ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام نے ہری پورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دوسرے معاونین کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا 50 فیصد حصہ ہیں اور حکومت خیبر پختونخوا خواتین کو مرکزی معاشی دھارے میں لانے کیلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس پراجیکٹ سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی مکمل مدد اور حمایت کا یقین دلایا اور یقین ظاہر کیا کہ ہری پورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے لیا گیا یہ قدم پھلکاری کے ہنر سے منسلک خواتین اور ان کے خاندانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔

پراجیکٹ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین کیلکس فائونڈیشن زاہد حسیں نے ہری پورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی معاونت کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے پائلٹ فیز کے تحت ضلع ہری پور کی پانچ تحصیلوں میں پانچ ٹریننگ سنٹرز اور دو سہولت سنٹرز قائم کئے جائیں گے، متعدد دیہی علاقوں سے 150 ہنر مند خواتین پراجیکٹ سے مستفید ہو سکیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تربیتی ورکشاپس مارکیٹ کی رجحانات پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ان خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو بہتر بنانے میں مدد گار ہوں گی، مزید برآں خواتین کو بنیادی کاروباری صلاحیتوں، ای کامرس اور مائیکرو فنانس سے متعلق آگاہی بھی دی جائے گی جس سے وہ اپنی تیار کردہ مصنوعات کی بہتر قیمت وصول کر سکیں گی بلکہ گھر بیٹھے ان مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی مارکیٹس تک متعارف کروا سکیں گی۔ اس سلسلہ میں پراجیکٹ کے تحت قائم کردہ سہولت سنٹرز ان کی مکمل معاونت کریں گے، سہولت سنٹرز میں کمپیوٹر، انٹرنیٹ، کیمرہ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں