تبدیلی کے خواہشمند عوام ہمارا ساتھ دیں،

26 جولائی کو صوبہ اور مرکز میں تحریک انصاف حکومتیں بنائے گی، عمر ایوب

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:04

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی و سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ تبدیلی کے خواہشمند عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، انشاء الله 26 جولائی کو صوبہ اور مرکز میں حکومت تحریک انصاف کی ہو گی اور پارٹی چیئرمین عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔ حلقہ میں انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن قریب آتے ہی سیاسی صورت حال بھی واضع ہو رہی ہے، پی ٹی آئی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

اس حوالہ سے تحریک انصاف ہری پور کا جلسہ اس کی واضع مثال ہے جس میں دیگر اضلاع نہیں بلکہ صرف ہری پور کے طول وعرض سے عوام کا سمندر امڈ آیا جو اس بات کی دلیل ہے کہ لو گ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور فرسودہ نظام کا خاتمہ کر کے تبدیلی چاہتے ہیں، ایسی تبدیلی جو تحریک انصاف نے اپنے پانچ سالہ دور میں صوبہ خیبر پختون میں لائی جس میں پٹواریوں کو دفاتر اور اساتذہ کو اپنے سکولوں میں حاضری کا پابند بنایا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت، تعلیم اور پولیس کے نظام کو بہتر بنایا گیا اور سب سے بڑھ کر تاریخ میں پہلی بار ایک بہترین بلدیاتی نظام لا کر اختیارات اور فنڈز ویلج کونسلوں کو دیئے گئے، انشاء الله کارکردگی کی بنیاد پر تحریک انصاف صوبہ اور مرکز میں حکومت بنائے گی، تبدیلی کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں