ہری پور ،بابر نوازخان نے خانپور میں نئی سوئی گیس کی پائپ لائن کا افتتاح کردیا

جمعہ 24 مئی 2024 14:42

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی ہری پور بابر نواز خان نے خانپور شہر اور گردونواح کے علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر کی کمی کو دور کرنے کے لیے حطار سے نئی گیس پائپ لائن کا افتتاح کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ضلع ہری پور سے سابق ممبر قومی اسمبلی بابر نواز خان نے ضلع ہری پور کی تحصیل خانپور و گردونواح کے علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی کی نئی گیس پائپ لائن کا افتتاح کر دیا ہے۔

خانپور شہر پہنچنے پر بلدیاتی نمائندگان اور عمائدین علاقہ نے بابر نواز خان کا استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو سہوليات پہنچانے کے لیے پوری طرح کوشاں ہے، مرکزی رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن محمد صفدر اعوان، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وفاقی وزیر سیفران انجنیئر امیر مقام کی جانب سے ہری پور میں بجلی اور گیس کی ترقیاتی سکیموں میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے انکی تکمیل میں بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے، مسلم لیگ ن کے سابق ادوار میں علاقہ خانپور سمیت ضلع ہری پور میں سوئی گیس اور بجلی کے جاری منصوبہ جات کو مکمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خانپور شہر سمیت جنڈیال تک کے علاقہ جات کی عوام کو گزشتہ متعدد سال سے سوئی گیس پریشر کی کمی اور بندش جیسے مسائل اور مشکلات کا سامنا تھا، پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق وفاقی حکومت نے ہماری درخواست پر سوئی گیس کی لائن کو پنجاب سے الگ کر کے حطار سے منسلک کرنے کے لیے 1.7 کلو میٹر لمبی لائن کی منظوری دی جس کی تکمیل پر کروڑوں روپے لاگت آئے گی ،اس منصوبے کی تکمیل سے گیس کے پریشر کی کمی اور بندش کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جانے کے علاوہ خانپور شہر سے جبار چوک اور گردونواح کے علاقوں کو سوئی گیس بلاتعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں