حیدرآباد،پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بے پناہ کام کررہی ہے، عبدالجبار خان

جمعرات 21 نومبر 2019 20:32

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بے پناہ کام کررہی ہے ۔ صوبے کی سطح پر چلائی جانے والی ٹائیفائیڈ کے خاتمے کی مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ اب تک پاکستان میں صوبہ سندھ واحد صوبہ ہے جس کی حکومت نے یہاں کے غریب افراد اور خاص طورپر بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے عملی اقدام کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال حیدرآباد اور جامشورو کو بھی صوبائی وزیر صحت نے خصوصی فنڈز جاری کئے اور جدید مشینری فراہم کی ہیں ۔ سول اسپتال حیدرآباد کی جانب سے نئے یونٹ بنائے جارہے ہیں ۔ جدید آئی سی یو کے علاوہ پتھالوجی ٹیسٹ ، دماغی امراض کے آپریشن کیلئے بیرون ممالک سے جدید مشینری منگوائی گئی ہے جس سے کئے جانے والے لاکھوں روپے کے آپریشن مفت کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے بڑے سرکاری سول اسپتال میں علاج کی بہتر سہولیات کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہی صورتحال سندھ کے دیگر اسپتالوں کی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد نہ صرف طبی امداد بلکہ آپریشن کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہ کئے جانے کے سبب صوبہ سندھ معاشی بحران کا شکار ہے اس کے باوجود موجودہ صوبائی حکومت عوام کی خدمات کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں