عوام کو اشیائے خوردونوش سستے داموں مہیا کرنے کے لیے حیدرآباد ایکسپو سینٹر میں سستے بازار لگائے جائیں گے،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

جمعہ 17 جنوری 2020 23:27

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلو چ نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے خوردونوش سستے داموں مہیا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حیدرآباد کے ایکسپو سینٹر میں سستے بازار لگائے جائیں گے یہ بات انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ میں سستے بازار لگانے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ ان سستے بازار لگانے سے ایک جانب عوام کو اشیائے خوردونوش سستے داموں پر ملیں گی اور دوسری جانب کاشتکاروں کو بھی سبزیوں اور پھلوں کے مناسب دام ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مراحل میں یہ بازار ہفتے کے ایک دن اتوار کو لگایا جائے گا جہاں مختلف اشیائے خوردنوش کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد ڈویژن کے چار اضلاع مٹیاری ، ٹنڈو الہ یار ، ٹنڈو محمد خان اور بدین کے کاشتکاروں کو اسٹالز لگانے کا موقع فراہم کیا جائے گا ڈویژنل کمشنر نے اجلاس میں بتایا کہ اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے محکمہ زراعت نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ جلد سے جلد سستے بازار لگا کر عوام کو فائدہ پہنچایا جائے اس موقع پرضلع ٹنڈو الہ یار ، ٹنڈو محمد خان کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ معتصم عباسی ، ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شوکت مستوئی ، محکمہ زارعت کے افسران اور کاشتکار تنظمیوں کے نمایندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے سبزی منڈی کی منتقلی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شوکت مستوئی کی جانب سے نئی سبزی منڈی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی سبزی منڈی مکمل طور پر تیار ہے اور منتقلی کا مرحلہ جلد طے کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلھوڑو کو ہدایت دی کہ وہ سبزی منڈی کا دورہ کریں اور وہاں سہولیات کے حوالے سے جائزہ لیں اور رپورٹ جمع کرائیں تاکہ سبزی منڈی کی جلدی منتقلی کو یقینی بنایا جائے ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں