حیدرآباد، پارلیمانی سیکریٹری فوڈ اور ممبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی محمد قاسم سومرو نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال کا دورہ، انتظامیہ سے علاج معالجے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

پیر 20 جنوری 2020 23:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی ، پارلیمانی سیکریٹری فوڈ اور ممبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی محمد قاسم سومرو نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کا دورہ کیا اور ہسپتال کی انتظامیہ سے علاج معالجے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال جامشوروکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھارام ، ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، آئی سی یو انچارج ڈاکٹر کاشف میمن اور دیگر افسران موجود تھے۔

محمد قاسم سومرو نے ہسپتال میں بنائے جانے والے جدید طرز کے آئی سی یو وارڈ، ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ میں ایم آر آئی ، سی ٹی اسکین سینٹر، پتھالوجی لیبارٹری اور بچوں کے امراض کے وارڈز کے علاوہ ایمرجنسی وارڈز اور بچوں کے علاج کیلئے زیر تعمیر آئی سی یو کا دورہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے علاج معالجے کی صورتحال معلوم کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رُکن صوبائی اسمبلی محمد قاسم سومرو نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت غریب عوام کو علاج کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔

علاج معالجے کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی کمی نہ رکھی جائے۔ سول ہسپتال حیدرآباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن نے رُکن صوبائی اسمبلی محمد قاسم سومرو کو بتایا کہ سول ہسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں سندھ کے 15 اضلاع اور بلوچستان تک کے مریض علاج کیلئے آتے ہیں جن کا یہاں موجود مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز طبی معائنہ بھی کرتے ہیں اور اس کے علاوہ یہاں بڑی تعداد میں مریضوں کو داخل کیا جاتا ہے جن کا مکمل علاج بھی ہوتا ہے اور انہیں ادویات سے لے کر پتھالوجی ٹیسٹ تک ہر طرح کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ مریضوں کا علاج معالجے کے حوالے سے اعتماد بحال ہونا ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں