ملک میں قومی زبان اردو کے نفاذ اور اس کے فروغ کے لئے ’’قومی زبان تحریک حیدرآباد‘‘کی طرف سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی

اتوار 24 جنوری 2021 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) ملک میں قومی زبان اردو کے نفاذ اور اس کے فروغ کے لئے ’’قومی زبان تحریک حیدرآباد‘‘کی طرف سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، شرکاء اردو زبان کی حمایت میں نعرے لگاتے رہے جو پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر اردو کو قومی زبان کے طورپر تمام سرکاری اداروں میں نافذ کیا جائے، اردو پورے پاکستان میں موجود پنجابی، سندھی، پختون سب کی زبان ہے اور دیگر نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

قومی زبان تحریک حیدرآباد کی صدر ڈاکٹر لبنیٰ زبیر عالم، عمران عالم، سلیم شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی زبان اردو کے بجائے انگریزی کو اشرافیہ کی زبان قرار دے کر زبردستی ہم پر مسلط کیا گیا جبکہ 80 فیصد لوگ انگریزی جانتے تک نہیں صرف اردو سمجھتے ہیں، اردو ہماری بنیادی زبان ہے ثانوی نہیں، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے باوجود اردو زبان کو نہ تو سرکاری ونیم سرکاری دفاتر، عدلیہ سمیت دیگر اداروں میں نافذ کیا گیا ہے اور نہ ہی سائن بورڈز میں اردو زبان کا استعمال کیا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں انگریزی کی غلامی کے اثرات اور احساس کمتری سے نکلنے کیلئے اردو کی تربیت اور کردار سازی کی صلاحیت اُجاگر کرنا ہوگی، گھروں اور دفاتر میں خط وکتابت سرکاری و غیر سرکاری رابطوں میں اردو زبان اختیار کرنے کی ترویج دینا ہوگی، سڑکوں، دکانوں، پارکوں اور کاروباری مراکز، شادی کے دعوت ناموں، تعارف اور اشتہارات میں اردو زبان کو استعمال کیا جائے، انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اردو زبان کو قومی زبان قرار دے کر یہ واضح کردیا تھا کہ اب یہی زبان پاکستان کی سرکاری زبان ہوگی لیکن بدقسمتی سے ان کے بعد آنے والے حکمرانوں نے اس زبان کو رائج کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کے بجائے اردو زبان کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے کہاکہ اردو زبان جو کہ تہذیب و تمدن کی زبان ہے اسے فوری طورپر ملک بھر میں سرکاری سطح پر رائج کیا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں