پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا ڈاکٹرزاور نرسنگ اسٹاف پر پولیس کے بہیمانہ تشدد پر یوم احتجاج

منگل 7 دسمبر 2021 23:49

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے کراچی میں کوڈ19 ڈاکٹرزاور نرسنگ اسٹاف پر پولیس کے بہیمانہ تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف سول ہسپتال حیدرآباد و جامشورو اور دیگر ہسپتالوں میں یوم احتجاج منایا گیا ،اس موقع پر ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے نے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا اور علامتی طور پر او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا۔

اس موقع پرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لمس کے صدر ڈاکٹر محمد علی قائم خانی و دیگر اراکین نے کراچی میں کوڈ ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف پر پولیس کی جانب سے بہیمانہ تشدد کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران ڈاکٹرز ،نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی زندگیوں کو دائو پر لگا کر مریضوں کی خدمت میں مصروف عمل ر ہے اورجب یہ ڈاکٹرز اپنے جائز حقوق کیلئے پر امن احتجاج کرتے ہیں تو انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران ڈاکٹرز ،نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیئے جو کہ ایک عالمی وائرس کی شکل اختیار کر گیا تھا لیکن ہم ڈاکٹرز نے کبھی بھی عوام الناس کو کسی بھی ہولناک بیماری اور مصیبت کے موقع پربھی اکیلا نہیں چھوڑا ہے اور آئندہ بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، اگر ڈاکٹرز کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو پھر پورے سندھ کا ہیلتھ اسٹرکچر تباہ و برباد ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمحمد علی قائمخانی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ گرفتار ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان کے جائز مطالبات کو حل کیا جائے،دوسری صورت میں PMAسندھ کی جانب سے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں