سینٹرل جیل حیدرآباد میں قیدی نے سپاہی کو قتل کردیا

بدھ 18 مئی 2022 23:38

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) سینٹرل جیل حیدرآباد میں عمر قید کی سزا بھگتنے والے قیدی عبداللہ نے جیل کے سپاہی عبدالعزیزپنہور کو کھیتی باڑی میں کام کرنے والا تیز دھار اوزار مار کر قتل کردیا ۔

(جاری ہے)

جیل ذرائع کے مطابق قیدی کے کھیتی باڑی کرتے ہو ئے سپاہی سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تو قیدی نے کھیتی باڑی میں کام آنیوالے کھدال کو اس کے سر میں مارا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ، بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گیا ، مقتول کی نعش سول ہسپتال لائی گئی جہاں اسے مردہ خانہ میں رکھ دیا گیا ہے ،مقتول عبدالعزیز پنہور مٹیاری کا رہائشی ہے جبکہ قاتل عبداللہ کو قید تنہائی میں ڈالتے ہو ئے جیل انتظامیہ نے قتل کا مقدمہ درج کرانے کے لیے بلدیہ پولیس تھانہ پر رابطہ کیا ہے ۔

جیل ذرائع کے مطابق سپاہی اور قیدی میں کھیتی باڑی کرنے کے مسئلہ پر تلخ کلامی ہو ئی تھی ،سپاہی شدید گرمی اور دھوپ و لو کی پروا کئے بغیر قیدیوں سے کام لینا چاہتا تھاجبکہ سابقہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شدید گرمی و دھوپ کام کرانے سے سپاہیوں کو منع کیا ہوا ہے تاہم اب سپاہیوں نے دوبارہ وہی طریقہ اختیارکیا ہے اور گرمی و لو کا خیال کئے بغیر قیدیوں سے کھیت میں کام لینا شروع کردیا ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں