بلوم برگ کی طرف سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بہترین قرار دیا جانا حکومتی کاوشوں کا نتیجہ ہے،صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز چوہدری سجاد سرور کا بیان

جمعرات 5 دسمبر 2019 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر چوہدری سجاد سرور نے کہا ہے کہ معیشت میں بہتری کے اعتراف اور عالمی جریدے بلوم برگ کی طرف سے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی کی بنیاد پر بہترین قرار دیا جانا حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، سرمایہ کاری کی مارکیٹ میں کھربوں روپے کا اضافہ خوش آئند ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں کی جانے والی منفی کوششوں کے تدارک کیلئے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قومی معیشت کے بارے میں پھیلائے جانے والے جھوٹے پراپیگنڈہ کی نفی کی جاسکے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے لئے احساس کارڈز کے اجرا کی تجویز پر عملدرآمد سے کم آمدنی والے افراد کی مشکلات کم کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم اس بات پر مبارکباد کی مستحق ہے جو بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجوہات دور کرنے کیلئے ساختی رکاوٹیں ہٹانے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، نجی ملازمتوں کے مواقع بڑھانے، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کرنے اور غذائی رسد میں تعطل دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ جس سے عام آدمی کے مسائل کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں