راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے لیے اتھارٹی کے قیام کا مطالبہ

اتوار 22 مئی 2022 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے لیے اتھارٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جیمز اینڈ جیولری کو ایک صنعت کا درجہ دیا جائے۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رؤف نے اسلام آباد میں منعقدہ تیسری جیمز اینڈ جیولری اور فیشن نمائش کے موقع پر ایک تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیمتی پتھر اور زیورات کے شعبے کی ترقی کے لیے اتھارٹی کا قیام فوری عمل میں لایا جائے، جدید مشینری کے ذریعے کٹنگ ، پالش اور سرٹیفیکیشن کے ذریعے ویلیو ایڈیشن کی جاسکتی ہے۔

سیمینار کا اہتمام ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے کیا گیا،جس میں ایس آر او 760،انٹر نیشنل مارکیٹنگ، وی بک رجسٹریشن اور کلئیرنس کے طریقہ کار، مسائل اور ان کے حل کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی گئی۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر ندیم رؤف نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنیات خاص طور پر قیمتی پتھروں سے مالا مال ملک ہے تاہم بلاسٹنگ اور غیر معیاری کٹنگ کے باعث خام مال ضائع ہو جاتا ہے، اعلیٰ معیار کی پالش اور سرٹیفیکیشن نہ ہو نے کے باعث ہم ویلیو ایڈیشن نہیں کر سکتے۔

جیمز اینڈ جیولری ایک غیر معروف شعبہ ہے لیکن اس کا پوٹینشل بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک بھارت کی سالانہ جیمز ایکسپورٹ کا حجم 48ارب ڈالر کے قریب ہے جبکہ پاکستان کا حجم صرف 30ملین ڈالر کے قریب ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین ایکسپو فیاض قریشی نے کہا کہ جیمز اینڈ جیولری اتھارٹی کی منظوری کابینہ سے ہو چکی ہے اس لیے مزید کسی التواءکے اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں