بین الاقوامی طلبہ کا پاکستانی اوپن یونیورسٹی پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے ، وائس چانسلر

بدھ 22 مئی 2024 18:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2024ء کے داخلے بند ہوچکے ہیں، اس سمسٹر میں تقریباً پانچ لاکھ طلبہ نے داخلہ لیا جس میں 500سے زائد انٹرنیشنل طلبہ شامل ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ کی سہولتوں پر خاص خیال رکھا ہے، امتحانات اور داخلوں کے امور میں اصلاحات کی گئی ہیں جس کے نتیجے میں سمسٹر خزاں 2023ء کے مقابلے میں سمسٹر بہار 2024ء کے داخلوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وائس چانسلر نے ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل کولبریشن اینڈ ایکسچینج کو ہدایت کی ہے کہ انٹرنیشنل طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور کوشش کی جائے کہ انٹرنیشنل طلبہ کی تعداد میں مزید اضافہ ہوجائے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ بین الاقوامی طلبہ کا پاکستانی اوپن یونیورسٹی پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ انٹر نیشنل کولیبر یشن اینڈ ایکسچینج آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹرزاہد مجید کے مطابق گذشتہ سمسٹر میں 36 ممالک سے 460 سے زائد طلبہ داخل ہوئے تھے جبکہ بہار 2024ء میں 500طلبہ داخل ہوچکے ہیں، اِن ممالک میں آسٹریلیا، روس، جنوبی کوریا، جاپان، چین، امریکہ، برطانیہ،آئرلینڈ، کینیڈا، فرانس، سپین، سویڈن،یونان،بیلجئیم،ایسٹونیا، جرمنی،ہنگری،اٹلی،ناروے،پرتگال،ترکیہ،تائیوان،بوسٹوانا،جنوبی افریقہ،ایران، بحرین،سعودی عرب،ابوظہبی،شارجہ،قطر،عراق،کردستان، اردن،عمان اور کویت شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انٹرنیشنل طلبہ کی تعداد کو 10ہزار تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں