بلاول کی پنجاب میں کامیاب انتخابی مہم نے مخالفوں کے منہ بند کر دیئے ،مولابخش چانڈیو

علی موسیٰ گیلانی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ملتان میں ہمارے امیدوار کی ریلی پر فائرنگ سیاسی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے،بیان

جمعہ 20 جولائی 2018 20:56

بلاول کی پنجاب میں کامیاب انتخابی مہم نے مخالفوں کے منہ بند کر دیئے ،مولابخش چانڈیو
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہاہے کہ چیئرمن بلاول بھٹو کی پنجاب میں کامیاب انتخابی مہم نے مخالفوں کے منہ بند کر دیئے اورملتان میں پی پی پی پی امیدوار کی ریلی پر فائرنگ سیاسی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی پر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور ماضی میں بھی پی پی پی کو سازشوں اور جبر کے ساتھ پنجاب میں ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں ۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمن بلاول بھٹو نے میدان میں اترتے ہی ان تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے ،فصل جلانے سے زمین بنجر نہیں ہوتی، بلاول بھٹو نے دوبارہ بیج بو دیئے ہیں،صادق آباد سے ملتان اور پنڈی گھیپ سے قصور تک بلاول کو ملنے والی عوامی پذیرائی بے مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دائیں بازو کی دونوں بڑی جماعتوں نے سیاست کو گالی بنا کر رکھ دیا،ایک طرف گالیاں دینے والے نام نہاد تجربہ کار سیاستدان ہیں تو دوسری طرف میرے چیئرمن ہیں، عوام نے گالم گلوچ اور شوبازی کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، مولابخش چانڈیو نے کہاکہ آنے والا دور نظریے کی سیاست کا ہے، مستقبل روشن خیال اور ترقی پسند قیادت کا ہے۔اب گالی چلے گی نہ الزام تراشی کی سیاست اب عوام مسائل اور منشور کی بات کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں