قومی اسمبلی کے ارکان کی طرف سے اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد پر ان کا شکر گذار ہوں،

عوام اور ارکان اسمبلی کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش اور قائداعظم محمد علی جناح اور مولوی تمیز الدین کی طرف سے قائم کردہ پارلیمانی روایات اور ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے اور ان میں اضافے کی کوشش کروں گا، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کے لئے کام کریں، حلف اٹھا کر ہم نے اس کا عہد کیا ہے، اس پر ہم پہرا بھی دیں گے، ہماری آن اور شان پاکستان ہے، ہم مل کر عوام کی خدمت کریں گے نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا انتخاب کے بعد ایوان میں اظہار خیال

بدھ 15 اگست 2018 17:59

قومی اسمبلی کے ارکان کی طرف سے اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد پر ان کا شکر گذار ہوں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میں قومی اسمبلی کے ارکان کی طرف سے اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد پر ان کا شکر گذار ہوں، وہ عوام اور ارکان اسمبلی کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور قائداعظم محمد علی جناح اور مولوی تمیز الدین کی طرف سے قائم کردہ پارلیمانی روایات اور ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے اور ان میں اضافے کی کوشش کریں گے، ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کے لئے کام کیا جائے گا اور ہمیں مل کر عوام کی خدمت کرنا ہوگی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں سپیکر کے طور پر انتخاب کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وہ الله تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے انہیں پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کے منصب پر فائز ہونے کا موقع فراہم کیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر جماعتوں کی طرف سے اپنے اوپر اعتماد کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی میں سابق سپیکرز سردار ایاز صادق، سید فخر امام، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم پرویز اشرف جیسے سینئر رہنما موجود ہیں جو اس ایوان کا حصہ ہیں۔ ان کی مشاورت سے ہم آگے بڑھیں گے اور قومی ایجنڈے پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کی بھاری ذمہ داری کا مجھے احساس ہے اور قائداعظم محمد علی جناح اور مولوی تمیز الدین جو اعلیٰ روایات قائم کر چکے ہیں، ان پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور اس ذمہ داری کو برقرار رکھنے اور اسے مزید فروغ دینے کی پوری کوشش کروں گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ارکان کو قانون سازی کے لئے علمی، تحقیقی، مشاورت اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے، اس سلسلے میں میرے اس منصب کے دوران میں خود اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان اسمبلی سے مکمل تعاون کرے گا اور میں سیکریٹریٹ کے عملے کو بھی ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کے بغیر یہ ایوان نامکمل ہے۔

میڈیا کو بھی اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے پابند ہیں اور وطن عزیز اور ہر شہری کا ہمارے اوپر حق ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کے لئے کام کریں، اور حلف اٹھا کر ہم نے اس کا عہد کیا ہے، اس پر ہم پہرا بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آن اور شان پاکستان ہے، ہم مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں