پاکستان کے بارے میں جتناسنا تھا اس سے بہت مختلف اور خوبصورت پایا، ایوا بیانکا

میں نے آزادانہ طور پر پاکستان کے تمام مقامات کا سفر کیا، عام لوگوں سے ملی ،ْ علاقائی ثقافت سے متعلق آگاہی حاصل کی پاکستان کے جھنڈے کو لہراتے ہوئے رقص کرنا پاکستان کیلئے محبت کا اظہار تھا ،ْانٹرویو

جمعہ 17 اگست 2018 18:36

پاکستان کے بارے میں جتناسنا تھا اس سے بہت مختلف اور خوبصورت پایا، ایوا بیانکا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) حال ہی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) کے طیارے میں کی کی چیلنج کے ذریعے مشہور ہونے والی پولش سیاح ایوا بیانکا نے کہاہے کہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے جتنا سن رکھا تھا ،ْاس ملک کو اس سے بھی کئی زیادہ مختلف اور خوبصورت پایا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایوا بیانکا کا تعلق تو پولینڈ سے ہے تاہم وہ لندن میں رہائش پذیر ہیں اور نیپال سمیت کئی ممالک کی سیر کر چکی ہیں اور اب گذشتہ 6 ہفتوں سے پاکستان میں موجود ہیں۔

حال ہی میں پی آئی اے کے جہاز میں ایوا بیانکا کی ’کی کی چیلنج‘ کے دوران پاکستان کا قومی پرچم لہراتے ہوئے رقص کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا۔ایوا بیانکا نے گذشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور پاکستان کی سیر اور اس سے متاثر ہونے کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان آنے کی دعوت ان کی ایک پاکستانی دوست نے دی تھی جس پر انہوں نے سوچا کہ پاکستان کے بارے میں بہت کچھ کہا جاتا ہے ،ْ کیوں نہ وہاں جایا جائے۔

ایوا نے بتایا کہ وہ دوسری مرتبہ پاکستان آئی ہیں اور یہ ان کی زندگی کا سب سے دلچسپ سفر ہے جس کی بہت سی وجوہات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میں نے آزادانہ طور پر پاکستان کے تمام مقامات کا سفر کیا، عام لوگوں سے ملی اور علاقائی ثقافت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ایوا بیانکا نے لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی، انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کیلئے بھی خدمات انجام دیں اور اس کے بعد وہ دنیا کے سفر پر نکل پڑیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ انہیں پاکستان اور یہاں کے عوام کے بارے میں کیا پسند آیا تو انہوں نے جواب دیا کہ 'مجھے پاکستان میں بہت سی چیزیں پسند آئی ہیں ،ْیہاں کے مصالحے دار پکوان بہت پسند آئے، کراچی کی بریانی بہت مزیدار ہے، کڑاہی زبردست ہے ،ْیہاں کی مٹھائیاں بہت میٹھی ہوتی ہیں لیکن پھر بھی مجھے بہت پسند ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں سوچ رہی ہوں کچھ دیر اور یہاں ٹھہر جاؤں۔

انہوںنے کہاکہ میں نے جب پاکستان کی سیاحت کے بارے میں بات کی تو مجھے بہت پذیرائی ملی، مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے بہت سے مواقع ہیں لیکن ان پر توجہ نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت پر بہت کام ہوسکتا ہے، خاص طور پر شمالی علاقہ جات بہت حسین ہیں، یہی وجہ ہے کہ میں یہاں رہنا چاہوں گی اور اس کے لیے کام کرنا پسند کروں گی۔

گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کی کی چیلنج کا خیال انہیں کیوں آیا اور یہ انہوں نے کس جگہ کیا تو ایوا نے جواب دیا کہ آج کل کوئی نہ کوئی ٹرینڈ چل رہا ہوتا ہے، اس وقت کی کی چیلنج گردش کر رہا ہے، اٴْن دنوں جشن آزادی کا دن بھی قریب تھا تو میں نے کراچی میں پاکستان سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے پرچم لہرا کر رقص کیا ،ْایوا کو پاکستان کی قومی زبان اردو بھی بہت پسند ہے اور وہ اسے سیکھنے کی کوشش بھی کرتی ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ ’میرا نام ایوا ہے‘ اور ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ سیکھ چکی ہیں۔

انٹرویو کے اختتام پر انہوں نے دنیا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موقع ملنا چاہیے کیونکہ پاکستان توقعات سے زیادہ اچھا اور خوبصورت ملک ہے ،ْدنیا بھر سے سیاحوں کو یہاں آنا چاہیے، یہاں کی سیر کریں اور پاکستان کو جانیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں