پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اور عالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،

حکومت بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اصلاحات کے ایجنڈے پر کام شروع کر دیا ہے جس کے مستقبل میں بچوں کے حقوق پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 19 نومبر 2018 16:00

پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اور عالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی حکومت اپنے بچوں کو ہرقسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داریاں اداکریں۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجو آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بچوں کا عالمی دن ہرسال منایا جاتاہے۔بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی کنونشن (سی آر سی) کے دستخط کنندہ کی حیثیت سے پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نسل، عقیدہ، مذہب اورحیثیت سے بالاترہوکر بچوں کوترقی کے مواقع تک رسائی فراہم کرے۔پاکستان کی حکومت اپنے بچوں کو ہرقسم کے استحصال ، انہیں علیحدہ کئے جانے اورانہیں غیراہم قرار دیئے جانے سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی حکومت بچوں کو مساوی اورانہیںزندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم اس دن کے موقع پر اپنے ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ حکومت نے اصلاحات کے ایجنڈے پر کام شروع کردیا ہے جس کے مستقبل میں بچوں کے حقوق پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان میں بچوں سے زیادتی کے تدارک کے لئے ایکشن پلان جوونائل جسٹس ایکٹ کو حتمی شکل دینا اور بچوں کے حقوق کے لئے قومی کمیشن کاقیام شامل ہے۔

صدر نے کہاکہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داریاں اداکریں ۔ بچوں کی فلاح و بہبود کے ہدف کے حصول کے لئے سرکاری اور نجی ایجنسیوں کو آپس میںاشتراک کار کو بڑھانا ہو گا۔ صدر نے میڈیا ، کارپوریٹ سیکٹر، کمیونٹی، والدین اور خود بچوںپر زور دیاکہ وہ ملک میں بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے اپنا تعمیری کردارادا کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں