عدالت عظمیٰ نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بل بورڈ ہٹانے کے خلاف نظر ثانی اپیل خارج کر دی

باقی دنیا میں بل بورڈ پلوں پر نہیں لگے ہوئے، میرے ایک جاننے والے پر بل بورڈ گرنے سے ان کی موت ہوگئی تھی ،ْ چیف جسٹس عدالتی حکم ماحول کو بہتر کرنے کے لیے اور خطرات کو کم کرنے کیلئے تھا ،ْجسٹس اعجاز الاحسن ڈی ایچ اے سے بھی بل بورڈ ہٹائے جائیں ورنہ ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے ،ْ عدالت عظمیٰ کا حکم

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:26

عدالت عظمیٰ نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بل بورڈ ہٹانے کے خلاف نظر ثانی اپیل خارج کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بل بورڈ ہٹانے کے خلاف نظر ثانی اپیل خارج کرتے ہوئے 3 ماہ میں بل بورڈ ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ باقی دنیا میں بل بورڈ پلوں پر نہیں لگے ہوئے، میرے ایک جاننے والے پر بل بورڈ گرنے سے ان کی موت ہوگئی تھی۔

جمعرات چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے لاہور میں بل بورڈ ہٹانے کے خلاف نظر ثانی اپیل کی سماعت کی۔دوران سماعت نجی ٹرسٹ کے وکیل امان اللہ کنرانی نے کہا کہ بل بورڈ انڈسٹری 36 ارب ٹیکس دے رہی ہے، یہ ٹرسٹ سرگودھا میں ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالتی حکم ماحول کو بہتر کرنے کے لیے اور خطرات کو کم کرنے کیلئے تھا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کہا تھا کہ کراچی والا حکم ملک بھر پر لاگو ہوگا، کراچی میں بل بورڈ اترنے سے شہر خوبصورت ہوگیا ہے، وہ لوگ جنت میں آگئے۔اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ بل بورڈ صنعت کا حجم 50 ارب روپے ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ منشیات کی صنعت کا حجم بھی 50 ارب ہے اگر اس پیمانے پر جانچ پڑتال کرنی ہے تو منشیات کی صنعت اس سے بھی بڑی ہے، تو کیا اسے بھی اجازت دے دیں وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ اس صنعت سے ہزاروں لوگ وابستہ ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بل بورڈ کے مقامات مخصوص کرنے کے لیے قانون سازی کریں، پھر ہم دیکھیں گہ کہ ہمارے اختیار میں کیا چیزیں نہیں ہیں۔وکیل کنٹونمنٹ لطیف کھوسہ نے کہا کہ بل بورڈ صنعت مفاد عامہ کا معاملہ ہے، بل بورڈ شہر کے حسن میں اضافہ کرتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دنیا میں بل بورڈ ہوتے ہیں ایسا نہیں ہوتا کہ پلوں پر لگے ہوں، آندھی چلے تو گاڑیوں پر گر سکتے ہیں، میرے ایک جاننے والے کی گاڑی پر بل بورڈ گرا اور وہ وفات پا گئے۔

اس موقع پر کنٹونمنٹ کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ کنٹونمنٹ میں اس طرح کا ایک واقعہ بھی نہیں ہواجس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کنٹونمنٹ میں کیا آندھی کی رفتار مختلف ہوتی ہے، اس موقع پر عدالت میں قہقہے بلند ہو گئے۔بعد ازاں عدالت نے بل بورڈ ہٹانے کے خلاف نظر ثانی اپیل خارج کرتے ہوئے 3 ماہ میں بل بورڈ ہٹانے کا حکم دے دیا اور ساتھ ہی حکم دیا کہ ڈی ایچ اے سے بھی بل بورڈ ہٹائے جائیں ورنہ ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں