علامہ اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پایا جا سکتا ہے ،سپیکر قومی اسمبلی

علامہ اقبالں کے نزدیک تعصب اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اسد قیصر کا برسی کے موقع پر پیغام

ہفتہ 20 اپریل 2019 13:34

علامہ اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پایا جا سکتا ہے ،سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کا تصور عالمگیر ہے اور انسانیت کے ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کی رہنمائی کرتا ہے، علامہ اقبال کی تعلیمات پر ان کی اصل روح کے مطابق عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابوپایا جا سکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال کی81ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 21اپر یل کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا تی ہے۔

سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال کے نزدیک تعصب اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انھوں نے ایک پرامن، اعتدال پسند اور روشن خیال اسلامی معاشرے کا تصور پیش کیا ہے جو دیگر اقوام کے لیے قابل تقلید ہو اور ان کا جھکاؤ اسلا م کی طر ف ہو انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان کے باضابطہ منظور ہونے سے قبل علامہ اقبال کی فلسفیانہ اور شاعرانہ تحریروں نے رائے عامہ کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب مسلمانان بر صغیر کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو درپیش مصائب ان کی زوال پذیری کے اسباب اور عظمت رفتہ کو دوبارہ حاصل کرنے کا تصور پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اتحاد بین المسلمین کے بڑے داعی تھے اور چاہتے تھے کہ مسلمان اپنے وسائل اور زور بازو پر انحصار کریں۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علامہ اقبال گزشتہ صدی کے سب سے بڑے شاعر ،مفکر اور فلسفی تھے۔انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ ملک کا نقطہ نظر دیا اور پاکستان انہی کی اس عظیم بصیرت کی علا مت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں