وزیر خارجہ مخدوم کی سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون کو دورہ پاکستان کی دعوت

تنظیم کے معاشی تجزیاتی مراکز کے کنسورشیم کے ذریعے علاقائی ترقی کے موضوعات پر تحقیق مثبت قدم ہے،تعاون کی نئی راہوں کی تلاش کیلئے رکن ممالک کی طرف سے کاوشوں کو سراہتے ہیں، شاہ محمود قریشی کی گفتگو

بدھ 22 مئی 2019 22:08

وزیر خارجہ مخدوم کی سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون کو دورہ پاکستان کی دعوت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے معاشی تجزیاتی مراکز کے کنسورشیم کے ذریعے علاقائی ترقی کے موضوعات پر تحقیق مثبت قدم ہے،تعاون کی نئی راہوں کی تلاش کیلئے ایس سی او سیکریٹریٹ کی محنت اور رکن ممالک کی طرف سے کاوشوں کو سراہتے ہیں ۔

بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران سیکریٹری جنرل ولاد میر نوروو سے ملاقات کی ۔وزیر خارجہ نے ایس سی او کے سیکریٹری جنرل کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں تنظیم پھلے پھولے گی اور اس کی علاقائی اور عالمی اہمیت اور اثر پذیری میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سیکریٹری جنرل ایس سی او کے دورہ پاکستان کے منتظرہیں، امید ہے کہ آپ جلد اپنے دورے کی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم تعاون کی نئی راہوں کی تلاش کیلئے ایس سی او سیکریٹریٹ کی محنت اور رکن ممالک کی طرف سے کاوشوں کو سراہتے ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایس سی او رکن ممالک میں تعاون کے لئے سیکریٹری جنرل کی کوششیں قابل تحسین ہیں ،ایس سی او کے معاشی تجزیاتی مراکز کے کنسورشیم کے ذریعے علاقائی ترقی کے موضوعات پر تحقیق مثبت قدم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او ممالک میں اقتصادی، معاشی اور تجارتی تعاون کیلئے یہ تحقیقی مراکز نہایت اہم ثابت ہوں گے ،چھوٹے کاروبار کیلئے فورم اور ایس سی او رکن ممالک کی یوتھ آرگنائزیشن کا قیام لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نوجوانوں کی بے پناہ دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بہتری کے مقاصد حاصل ہوسکتے ہیں ۔سیکریٹری جنرل ایس سی او نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تنظیم کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں