وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان سے ٹی بی ای اے کمپنی کے وفد کی ملاقات، پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:41

وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان سے ٹی بی ای اے کمپنی کے وفد کی ملاقات، پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان سے ٹی بی ای اے کمپنی کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ غیرملکی کمپنی نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ٹی بی ای اے کمپنی ہائی وولٹیج کے آلات بناتی ہے، وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری کرنیوالی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کااعادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پاور عمرایوب خان سے TBEAکمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرنے کمپنی کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی،جس پر کمپنی کے وفد نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان کی اقتصادی خوشحالی کے لیے وفاقی وزیر کے اس کے عزم کا خیرمقدم کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے کہاکہ حکومت سرمایہ کاری کے سلسلے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور کاروبار کو آسان بنانے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو مراعات دینگے۔ عمر ایوب خان نے کہاکہ بجلی کی پیداوار اور سسٹم اپ گریڈ یشن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں