اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے دیکھا ہے، چیئر مین جوائنٹ چیفس آفس سٹاف کمیٹی

اگر علم نے آپ کو انسان نہیں بنایا تو ڈگری کی قیمت ردی کے کاغذ سے بڑھ کر نہیں ہے، جنرل زبیر محمود حیات

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 17:30

اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے دیکھا ہے، چیئر مین جوائنٹ چیفس آفس سٹاف کمیٹی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہاہے کہ اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے دیکھا ہے۔کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے اور بہت سے ڈگری ہولڈرز کو ذلیل ہوتے دیکھا ہے۔انہوں نے طلبا سے خطاب کے دوران کہا کہ کام، کام اور بہت کام محنت محنت اور بہت محنت سے ہی اللہ کی رحمت آئے گی، اگر علم نے آپ کو انسان نہیں بنایا تو ڈگری کی قیمت ردی کے کاغذ سے بڑھ کر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عقاب بنیں یا رینگنے والا جانور انتخاب آپ کا ہے، آپ کو اپنا اخلاق اور کردار بلند کرنا ہوگا ورنہ ڈگری کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا معاشرہ ہوس میں زیادہ اور احساس میں کم مبتلا ہے، ہمیں ایسا معاشرہ چاہیے جو احساس میں زیادہ اور ہوس میں کم مبتلا ہو، مدد کرنے کی اہلیت، آگے بڑھنے کی خواہش اور ہمت آپ کو عملی زندگی میں کامیابی دلائے گی۔

جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ مثبت رویہ، کام سے لگن اور جنون کامیابی کی کلید ہے، تازہ سروے میں کہا گیا ہے کہ آج کے طلبہ میں خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت نہیں ہے، اب طلبہ میں منفی رویہ اور سیکھنے کی صلاحیت کا فقدان پایا جاتا ہے۔طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آپ کے سامنے بہت سے غیر متوقع چیلنجز آئیں گے، بہتر انسان وہ ہی ہے جو چیلنج کو کامیابی میں بدل دے، طلباء’ایجنٹ آف چینج‘ بنیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ بڑے خواب دیکھیں، جو لوگ اور قومیں خواب نہیں دیکھتے کامیاب نہیں ہوتے۔انہوں نے طلبہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اوروں کے لیے دروازہ بنیں دیوار نہیں، کوشش کریں اور زندگی میں حرکت جاری رکھیں، زندگی میں آپ کے لیے اعتماد اور آپ کی ساکھ سب سے اہم ہوتی ہیں۔ کبھی نہیں سنا کہ کسی شخص کو عاجزی لے ڈوبی ہو مگر تکبر سے ڈوبنے والے بہت دیکھے اس لیے تکبر سے گریز کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں