ملک ریاض کا حکومت کے بڑے منصوبوں میں اہم کردار کا انکشاف

سینئیر صحافی حامد میر نے وزیراعظم اور ملک ریاض کے مابین گہرے تعلقات ہونے کا دعویٰ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 7 دسمبر 2019 10:41

ملک ریاض کا حکومت کے بڑے منصوبوں میں اہم کردار کا انکشاف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 دسمبر 2019ء) سینئیر صحافی حامد میر نے وزیراعظم عمران خان اور ملک ریاض کے مابین گہرے تعلقات ہونے کا دعویٰ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سینئیر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک بات معلوم ہونی چاہئیے کہ ملک ریاض کے اس حکومت سے بہت اچھے، بہت گہرے اور بہت دوستانہ تعلقات ہیں۔کچھ منصوبے جو اس حکومت کے بڑے بڑے دعووں میں شمار ہوتے ہیں،اُن منصوبوں میں بھی ملک ریاض کا بہت اہم کردار ہے۔

اس کے علاوہ شیخ رشید کے بھی ملک ریاض سے بہت گہرے تعلقات ہیں،شہزاد اکبر کے بھی اچھے تعلقات ہیں۔اور سب سے بڑھ کروزیراعظم عمران خان کے اپنے ملک ریاض کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔حامد میر نے مزید کہا کہ ویسے تو ملک ریاض کے تمام سیاستدانوں سے ہی اچھے تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

جہاں تک برطانیہ سے آنے والی رقم کا معاملہ ہے تو حکومت نے کوئی بڑا کارنامہ سر انجام نہیں دیا ورنہ یہ اس پر کھل کر بات کرتے۔

لیکن حکومت اس پر دفاعی پوزیشن میں ہے۔اس سے قبل سینئیر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جن شخصیات کو انتہائی پسند کرتے ہیں ان میں ایک ملک ریاض بھی شامل ہیں۔ لہذا یہ تاثر کوئی غلطی سے بھی نہ پھیلائے کہ وزیراعظم عمران خان اور ملک ریاض کے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔ جبکہ وزیراعظم کے تعلقات کاروباری شخصیات میں سب سے زیادہ ملک ریاض سے ہی اچھے ہیں یا ایک آدھ اور شخصیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نے برطانیہ میں جاکر ملک ریاض کی پراپرٹی کے معاملے کو اس طرح حل کیا کہ وہ پیسہ برطانیہ میں ہی منجمد نہ ہوجائے بلکہ اس کو پاکستان میں لایا جائے۔ اس میں وزیراعظم عمران خان اور شہزاد اکبردونوں نے بڑی مدد کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ملک ریاض کے تعلقات اس قدر اچھے ہیں کہ الیکشن مہم کے دوران جہاں جہانگیرترین کا جہاز استعمال نہیں ہوتا تھا وہاں ملک ریاض کا جہاز استعمال کیا جاتا تھا۔ آئندہ دنوں پاکستان میں حکومت کے جتنے بھی پراجیکٹس شروع ہونے جارہے ہیں وہ ملک ریاض کے میل جول سے ہی شروع ہونے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں