شہباز شریف کا موجود ہ حالات میں معیشت کے حوالے سے تشویش ظاہر کرنا مضحکہ خیز ہے ‘ ہمایوں اختر خان

حکومت نے مشکلات کو کم کرنے کیلئے وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑ دیا ہے ،کسی طبقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے

اتوار 29 مارچ 2020 12:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ انشا اللہ پاکستانی قومی اپنے جذبے اور عزم سے بہت جلد اس کڑے وقت سے سر خرو ہو گی ،آج تمام عالمی ادارے بھی کورونا وائرس کیخلاف پاکستان کی کاوشوں کو سرا ہا رہے ہیں، موجودہ حالات میں جب عالمی طاقتوںکی معیشتیں مشکلات کا شکار ہیں ایسے میں شہباز شریف کا پاکستانی معیشت کے حوالے سے تشویش ظاہر کرنا مضحکہ خیز اور سیاسی پوائنٹ سکورننگ ہے ۔

حلقہ این اے 131کے متحرک رہنمائوںسے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف کامیابی کا واحد حل خود کو گھروں تک محدود رکھنا اور حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہونا ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ لاک ڈائون میں غیر ضروری طو رپر گھروں سے باہر نہ نکلیں تاکہ اس وباء پر قابو پایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میںکہیں بھی اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں اور طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

گڈز ٹرانسپورٹس کی بندش کی وجہ سے سپلائی میں مشکلات درپیش تھیں لیکن وزیراعظم نے اس پر بھی فوری نوٹس لیتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ پر عائد پابندی ہٹا دی ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ہم نے اسی جذبے سے مشکل وقت کواپنی طاقت میں بدلنا ہے ، حکومت نے مشکلات کو کم کرنے کیلئے وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑ دیا ہے اور ہم کسی بھی طبقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے درخواست ہے کہ اپنے تجربے کو سیاسی پوائنٹ سکورننگ کی بجائے قوم کو متحد کرنے کیلئے بروئے کار لائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں