پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کی وفاقی وزیر مراد سعید سے ملاقات

بدھ 23 ستمبر 2020 23:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے بدھ کو وزارت مواصلات میں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر مراد سعید نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کے سفیر کو مبارکباد دی اور سعودی عرب کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مواصلات کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کے موضوع پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

مراد سعید نے کورونا کی عالمی وبا کے دوران سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے محدود پیمانے پر حج کی ادائیگی کے فیصلے کو سراہا۔ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے اپنے کام پر جلد واپسی کی درخواست کی۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا شکریہ ادا کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون کا دائرہ کار بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں