سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان مصالحتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله عبدالله کی پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات‘ دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور بشمول خطہ میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 29 ستمبر 2020 00:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغان مصالحتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالله عبدالله نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور بشمول خطہ میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، سرحد کے دونوں جانب کے عوام کے مابین محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لئے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ پاکستان افغان قیادت اور افغان عوام کی امنگوں کے عین مطابق طے پانے والے امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان اور خطہ کے بہترین مفاد میں ہے، آپ کا دورہ پاکستان پاک۔افغان تعلقات کو مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا، دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین رابطوں سے ان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ پاک۔افغان تجارتی برادری اپنی قومی معیشتوں کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ قومی اسمبلی میں قائم پاک افغان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ عوامی روابط اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان کی افغان ویزا پالیسی میں مجوزہ تبدیلیوں کو وفاقی کابینہ سے منظوری کے لئے حکومت کو بھیج دی ہیں۔ امن معاہدے پر عملدرآمد سے افعانستان اور خطہ میں امن قائم ہو گا اور خوشحالی آئے گی۔پاکستان خطے میں امن کے قیام سمیت خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔افغان امن معاہدہ افغانستان اور خطے میں امن کے قیام اور ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر عبدالله عبدالله نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے، افغانستان خطہ میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، افغانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ چیئرمین افغان مصالحتی کونسل نے کہا کہ افغانی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ محبت اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔

دونوں ممالک کے مابین تجارت کے بہترین مواقع میسر ہیں جن سے مذید استفادہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں پارلیمان اہم کردار ادا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ افعانستان اور پاکستان مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ افعان حکومت اور عوام، پاکستان کے ساتھ اپنے درینہ تعلقات میں مزید وسعت لانے کے خواہشمند ہیں، افعانستان میں قیام امن کے سلسلے میں پاکستان کے تعاون پر مشکور ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں