پاکستان نے امریکہ بھارت وزارت اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ مسترد کر دیا

بدھ 28 اکتوبر 2020 23:05

اسلام آباد۔28اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2020ء) :پاکستان نے امریکہ بھارت وزارت اجلاس  کا مشترکہ اعلامیہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان کا ذکر غیر ضروری اور گمراہ کن ہے۔اعلامیے میں  کیے گئے دعوے  ،پاکستان کے خلاف غیر جانبداری کے منافی ہیں۔
 ترجمان   دفتر خارجہ نے بدھ کو نئی دہلی میں منعقدہ امریکہ بھارت وزارتی اجلاس کے بعد مشترکہ اعلا میہ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق  کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے میں ناکامی بین الاقوامی ذمہ داری ترک کرنے کے مترادف ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں نہایت 'خوشگوار 'اور خود ساختہ ریمارکس اس حقیقت کو چھپا نہیں کرسکتے کہ ہندوستان ہی مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت خطے میں ریاستی دہشت گردی کا  مرکز اور مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز جرائم کے مرتکب افراد کے لئے ایک محفوظ پناہ گاہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

خود کو دہشت گردی کا ’شکار‘ قرار دینے کی کوشش کرکے  بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور  انسانی بحرانوں سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں ، قربانیوں اور کامیابیوں کو تسلیم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے علاقائی اور عالمی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ترجمان نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ شراکت دار ممالک جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کے لئے ایک معروضی نظریہ اپنائیں اور یک طرفہ و زمینی حقائق سے دور امور کی توثیق سے گریز کریں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں