اسپیکر قومی اسمبلی کو بجٹ اجلاس میں ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر دلی رنج پہنچا ہے،ترجمان اسپیکر

سپیکر نے ہمیشہ حکومت و اپوزیشن کے ساتھ مساوی رویہ اپنایا ہے،سپیکر کی نشست غیر جانبداریت کا تقاضا کرتی ہے اور سپیکر اسد قیصر اسی پر کاربند ہیں ،سپیکر نے یکساں طور پر حکومت و اپوزیشن ارکان کیخلاف کارروائی کی،بیان

جمعہ 18 جون 2021 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) ترجمان اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو بجٹ اجلاس میں ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر دلی رنج پہنچا ہے،سپیکر قومی اسمبلی نے ہمیشہ حکومت و اپوزیشن کے ساتھ مساوی رویہ اپنایا ہے،سپیکر قومی اسمبلی کی نشست غیر جانبداریت کا تقاضا کرتی ہے اور سپیکر اسد قیصر اسی پر کاربند ہیں، سپیکر قومی اسمبلی نے یکساں طور پر حکومت و اپوزیشن ارکان کے خلاف کارروائی کی۔

اپنے بیان میں ترجمان اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ سپیکر قومی اسمبلی ایوان کا ماحول سازگار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ کیا اور نہ ہی کریں گے،کچھ متنازعہ باتیں پھیلا کر ایوان کی بے توقیری نہ کی جائے ۔ترجمان نے کہاکہ سپیکر قومی اسمبلی نے ماحول سازگار رکھنے کے لیے سینئر پارلیمنٹرین پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا،کمیٹی قائم کرنے کا بنیادی مقصد ایوان کے ماحول کو خراب کرنے والو ان کی نشاندہی کرنا اور ماحول کو سازگار بنانا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیٹی بنانے کا بنیادی مقصد غیر پارلیمانی الفاظ، حرکات کے تدارک کے ساتھ ماحول خراب کرنے والوں کی نشاندھی کرکے کارروائی کرنا تھا،سپیکر نے اپنے اختیار استعمال کرتے ہوئے حکومت و اپوزیشن کے 7 ارکان کے خلاف کارروائی کی۔ترجمان نے کہاکہ حکومت و اپوزیشن کے مفاہمت کے باعث اور مطالبے پر پابندی ایوان کا ماحول سازگار رکھنے کی شرط پر اٹھائی گئی،سپیکر کے کردار کے باعث ہی حکومت و اپوزیشن کی باہمی مفاہمت کے باعث معاملات خوش اسلوبی سے طے پائے۔

ترجمان کے مطابق سپیکر نے واضح کردیا تھا کہ جب تک آپس میں Understanding نہیں قائم ہوگی کارروائی نہیں چلے گی، اس Understanding کے بعد ہی ایوان کی کارروائی چلائی جارہی ہے اور بجٹ پر بحث جاری ہے۔ترجمان نے کہاکہ احتجاج سب کا حق ہے البتہ یہ احتجاج قواعد، روایات کے مطابق ہو تو ہی قابل قبول ہوگا،ایوان کے تقدس اور اس کی عزت و توقیر میں اضافے کی ذمہ داری بنیادی طور حکومت اور اپوزیشن دونوں پر عائد ہوتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے حکومت و اپوزیشن ارکان پر واضح کردیا ہے کہ قواعد و پارلیمانی روایات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں