ملک کی 10 فیصد آبادی کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے ،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد

پیر 20 ستمبر 2021 20:48

اسلام آباد۔20ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2021ء) :پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ ملک گیر کورونا ویکسی نیشن مہم تیز ہو رہی ہے جس میں ملک کی 10 فیصد آبادی کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے اور 40 فیصد آبادی کو جزوی طور پر ویکسی لگا دی گئی ہے، مجموعی طور پر کورونا کی مثبت شرح بتدریج کم ہو رہی ہے اور ملک میں اب مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے بھی کم رپورٹ ہوئی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کیسز میں کمی اچھی علامت ہے لیکن عوام کو چاہیے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں کیونکہ یہ وائرس کچھ سالوں تک اب رہے گا، عوام فیس ماسک کا استعمال کریں، کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں اور ہجوم میں جانے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ اگر عوام نے ایس او پیز کو نظر انداز کیا تو کیسز دوبارہ بڑھنے کا خدشہ ہے، حکومت آنے والے دنوں میں مزید لاک ڈاﺅن نہیں لگا سکتی، ہمیں ویکسی نیشن مہم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے البتہ صرف غیر ضروری اجتماعات پر پابندی لگانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی کورونا ویکسین کی بوسٹر خوراکیں عام آدمی کیلئے ضروری نہیں ہیں تاہم ملک کی 70 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل ہونے کے بعد حکومت بوسٹر خوراکوں کیلئے مزید کام کرے گی۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان میں جس تیز رفتار سے ویکسی نیشن مہم جاری ہے کسی بھی دوسرے ملک میں ایسا نہیں ہے، دسمبر سے پہلے ہم ملک کی 70 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں