ملک کی تکنیکی اور صنعتی ترقی براہ راست تعلیم کے معیار سے وابستہ ہے ، صدر مملکت

اعلی تعلیمی اداروں کو ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے تحقیق اور ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،عارف علوی

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 03:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں فنی تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ صنعتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں، ملک کی تکنیکی اور صنعتی ترقی براہ راست تعلیم کے معیار سے وابستہ ہے اور اعلی تعلیمی اداروں کو ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے تحقیق اور ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں ایوان صدر میں سر سید سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ان انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سر سید سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفاعت احمد نے صدر مملکت کو انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تعلیم کے فروغ میں اپنے ادارے کے کردار سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سر سید سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز انجینئرنگ ، مینجمنٹ ، بزنس اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں بیچلر سے لے کر پی ایچ ڈی تک مختلف پروگرام پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال 900 سے زائد طلبہ انسٹی ٹیوٹ میں مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ اب تک 3500 سے زائد طلبا فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2017 سے یونیورسٹی نے مستحق طلبا کو 54.3 ملین روپے کی وظائف اور مالی امداد دی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو اپنے طلبا میں تجزیاتی اور منطقی سوچ کی مہارتیں بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سر سید احمد خان کی تعلیمات مستقبل میں نوجوانوں کو رہنمائی دے سکتی ہیں۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ پر طلبا کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس کی ورچوئل صلاحیت کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور تعلیمی شعبے کو ترقی دینے کے لیے سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے ملک میں تکنیکی اور آئی ٹی تعلیم کو فروغ دینے میں سر سید سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کے کردار کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں