تعلیمی اداروں سے 30 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے تین دہشت گرد گرفتار

دہشت گرد تاجر برادری اور تعلیمی اداروں کو بھتے کے لیے خط لکھتے تھے۔ ترجمان سی ٹی ڈی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 اکتوبر 2021 13:46

تعلیمی اداروں سے 30 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے تین دہشت گرد گرفتار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اکتوبر 2021ء) : تعلیمی اداروں سے بھتہ مانگنے والے دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے تاجروں اور تعلیمی اداروں کو خط لکھ کر 30 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔

جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کی جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ترجمان کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ دہشت گرد تاجر برادری اور تعلیمی اداروں کو بھتے کے لیے خط لکھتے تھے، دہشت گردوں نے بھتے کے لیے 10 کے قریب خط لکھے اور تاجروں سے 30 کروڑ روپے کا بھتہ مانگا۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کو بھی خط لکھا کہ ہمارے معاملے میں نہ آئیں، دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کو بھی ٹارگٹ کرنے کی دھمکی دی۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے خط پوسٹ آفس سے بھیجے۔ دہشت گردوں کے کچھ ساتھی افغانستان میں ہیں ان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ دو روز قبل سبزی منڈی بادامی باغ میں شہر کے دور دراز علاقوں سے سبزیاں اور پھل لے کر آنے والے ٹرک ڈرائیوروں نے منڈی میں بھتہ خوری کے خلاف احتجاج کیا اور بھتہ خوری کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ انہوں نے بھتہ خوروں کو جو اضافی رقم دے رکھی ہے وہ واپس دلوائی جائے۔

خیال رہے کہ منڈی میں سبزیاں اور پھل لانے والوں سے منڈی کے بھتہ خور غیر قانونی طور پر اضافی رقم وصول کرتے ہیں اور پھر اس کی رسیدیں بھی انہیں نہیں دی جاتیں۔سبزی منڈی دور دراز سے اپنی سبزیاں اور پھل لا کر بیچنے والوں کے روزگار کا بڑا ذریعہ ہے لیکن اپنا روزگار چلانے کے لئے ان سبزی و پھل فروشوں کو بھتہ خوروں کا دست نگر ہو نا پڑا ہے اور بھتہ دیے بغیر انہیں کاروبار کرنے نہیں دیا جاتا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں