پارٹی فنڈنگ ; مسلم لیگ ن ڈونیشن کی مد میں موصول 45کروڑ سے زائد کے پارٹی فنڈزکے ثبوت فراہم نہ کرسکی

مسلم لیگ ن کے بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی غیر تصدیق شدہ ٹرانزیکشن سامنے آئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اکتوبر 2021 10:54

پارٹی فنڈنگ ; مسلم لیگ ن ڈونیشن کی مد میں موصول 45کروڑ سے زائد کے پارٹی فنڈزکے ثبوت فراہم نہ کرسکی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : مسلم لیگ ن پارٹی فنڈنگ کے ثبوت پیش نہیں کر سکی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مسلم لیگ ن کے بینک اکاؤنٹس میں موصول ہونے والے فنڈز سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔ فرخ حبیب کی اس درخواست پر الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے پارٹی اکاؤنٹس کی تحقیقات ہو رہی ہیں جب کہ مسلم لیگ ن ڈونیشن کی مد میں موصول 45کروڑ سے زائد کے پارٹی فنڈزکے ثبوت فراہم نہ کرسکی۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن نے پانچ بینک اسٹیٹمنٹس، 2013ء اور 2014ء میں موصول فنڈز کے کراس چیک بھی الیکشن کمیشن کو نہ دیے۔ الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے خلاف غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کے ضمن میں ن لیگ اسکروٹنی کمیٹی کو ڈونیشن کی مد میں وصول پارٹی فنڈز کے ثبوت فراہم نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی غیر تصدیق شدہ ٹرانزیکشن بھی سامنے آئیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسکروٹنی کمیٹی میں اعتراض داخل کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے45 کروڑ سے زائد کے پارٹی فنڈز غیر تصدیق شدہ ہیں،حکمران جماعت نے سوال اٹھایا 45 کروڑ، 36 لاکھ کہاں سے موصول ہوئے۔ پی ٹی آئی نے اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ سے بنک سٹیٹمنٹیں اور کراس چیک مانگ لیے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 2013ء اور 2014ء میں مسلم لیگ ن کو 45 کروڑ 69 لاکھ اور 71 ہزار کے فنڈز موصول ہوئے ،اس نے تاحال 5 اکا ؤنٹس کی بنک اسٹیٹمنٹیں الیکشن کمیشن کو فراہم نہیں کیں۔

رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرلا کی صدارت میں ن لیگ کے مالیاتی کھاتوں کا جائزہ لینے کے لیے سکرونٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا، ن لیگ کی طرف سے راجہ ریاض اور ایڈوکیٹ جہانگیر جدون پیش ہوئے، پی ٹی آئی کی طرف سے مالیاتی ماہرین نجم الثاقب اور جمال عبدالناصر نے ن لیگ کے اکاؤنٹس کا جائزہ لیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ن لیگ کے مالیاتی کھاتوں کا آٹھ دن تک جائزہ لیا جائے گا، دونوں جماعتوں کے مالی کھاتوں کا جائزہ لینے کی درخواست پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی طرف سے کی گئی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں