پاکستان کا بھارت سے بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر فوری روکنے کا مطالبہ

ایودھیا میں پرانی مسجد کا انہدام ظلم ، بین الاقوامی اصولوں کے منافی اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 7 دسمبر 2021 00:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان نے بھارت سے بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابری مسجد کو اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بابری مسجد کے انہدام کو ایک اور سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ حریت پسندوں کی جانب سے تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی29ویں برسی ہے ، یہ دن ہندوستان کی مسلم دشمنی ،ریاستی نفرت کی واضح یاد دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

دفترخارجہ نے کہا کہ ایودھیا میں پرانی مسجد کا انہدام ظلم ، بین الاقوامی اصولوں کے منافی اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے کہا کہ نومبر2019 کا بھارتی سپریم کورٹ کاعیب دارفیصلہ انصاف کی موت تھی ،فیصلہ بی جے پی کے ہندوتوا انتہا پسندی کی طرف تیزی سے نزول کی گواہی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی غیر قانونی تعمیر فوری روکے اور بابری مسجد کو اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مساجد اور اسلامی مقدس مقامات کی حفاظت یقینی بنائے، ہندوستان او آئی سی اوراقوام متحدہ قراردادوں پرعمل درآمد کرائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں